خیبرپختونخوا کے فنڈز کو ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کرنا شرمناک ہے:عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے بشریٰ نے بھاگنے میں ورلڈ ریکارڈ بنایا،خیبرپختونخوا کے فنڈز کو ذاتی تشہیر کیلئے استعمال کرنا شرمناک ہے۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہابشریٰ کس حیثیت سے لوگوں میں چیک تقسیم کر رہی ہیں؟ موصوفہ کہتی ہیں میں بھاگی نہیں اکیلی کھڑی رہی، بھاگنے میں تو آپ نے ورلڈ ریکارڈ قائم کیا ہوا ہے، بشریٰ خیبرپختونخوا سے جو لاکھوں کا لشکر لےکر آئی تھیں وہ کہاں گیا یہ بھی قوم کو بتائیں؟ 5 اکتوبر کے فیڈریشن پر حملے پر کے پی سرکار کا 81 کروڑ روپے خرچہ آیا، 24 نومبر کی تیسری ناکام بغاوت پر اطلاعات کے مطابق 2 ارب سے زائد خرچ ہوئے ہیں،26 نومبر کی رات ساڑھے 10 بجے بشریٰ کو ڈی چوک سے بھاگتے ہوئے پوری قوم نے دیکھا، پورا میڈیا گواہ ہے رات سوا گیارہ بجے تک ڈی چوک کلیئر تھا، بشریٰ خود کلثوم پلازہ سے آگے نہیں گئیں۔

عظمیٰ بخاری نے کہا ان کے اپنے ورکرز نے بشریٰ کے فرار ہونے پر ان کی گاڑی پر پتھر اور ڈنڈے مارے تھے، ان کے اپنے ورکرز نے گاڑی کے ٹائر پنکچر کیے، وہ سی سی ٹی وی فوٹیج موجود جس میں بشریٰ گاڑی تبدیل کرکے بھاگیں، بشریٰ سرکاری مال پر عیاشی کر رہی ہیں لیکن عدالت بلائے تو بیمار ہو جاتی ہیں، 10 سماعتوں سے بشریٰ گرفتاری کے خوف سے عدالت میں پیش نہیں ہو رہیں۔