پی ٹی آئی رہنما9مئی میں ملوث،ناقابل تردید ویڈیو زموجود ہیں،عطا تارڑ

لاہور:(خبر نگار)وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے پی ٹی آئی رہنما9مئی میں ملوث،ناقابل تردید شواہد اور ویڈیوز موجود ہیں ،عدالتیں مقدمات کاجلدفیصلہ کریں۔

عطا تارڑ نے دوران پریس کانفرنس 9 مئی کو فوجی تنصیبات پر حملوں کی نئی سی سی ٹی وی فوٹیجز جاری کرتے ہوئے کہا عمران خان ،حواریوں نے ہر قدم ملک کو نقصان پہنچانے کےلئے اٹھایا، منظم سازش کے ذریعے حملے کیے، ناقابل تردید شواہد موجود ہیں، تحریک انتشار کے لوگ و بانی چیئرمین رٹ لگاتے رہے پی ٹی آئی کے لوگ نہیں تھے،سرکردہ رہنما 9 مئی کے حملوں میں ملوث ،پی ٹی آئی عہدیداروں کو 9 مئی کےلئے ہدایات دی گئیں۔

وزیر اطلاعات نے کہاپی ٹی آئی نے حساس تنصیبات پر حملے کیے، شہدا کی یادگاریں مسمار کیں، گوجرانوالہ، راولپنڈی، پشاور کی سی سی ٹی وی فوٹیجز موجود ہیں، فوٹیجز سے صاف ظاہر ہے سانحہ 9 مئی میں پی ٹی آئی کے لوگ ملوث تھے،انتشار و فساد پی ٹی آئی کا وطیرہ ، لوٹ مار کرنا، چوری چکاری کرنا منشور ہے، فوٹیجز میں پی ٹی آئی کے لوگوں کو توڑ پھوڑ کرتے دیکھا جا سکتا ہے۔

عطا تارڑ نے کہاچیخ چیخ کر کہہ رہے تھے سی سی ٹی وی فوٹیجز ، شواہد سامنے لائیں، تمام شواہد آپ کے سامنے ہیں، کیا بانی چیئرمین پی ٹی آئی اور حواری قوم سے معافی مانگیں گے،مطالبہ ہے 9 مئی مقدمات کا جلد از جلد فیصلہ کیا جائے تاکہ آئندہ کوئی مکروہ حرکت نہ کر سکے،سی سی ٹی وی فوٹیج اور تمام ریکارڈ محفوظ ہے، بدلا نہیں جا سکتا، حرکات سب کے سامنے ہیں، قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی۔

وزیر اطلاعات نے کہاتمام شواہد قوم کے سامنے رکھ دئیے، تحریک انتشار قوم سے معافی مانگے، دشمنوں کے ایجنڈے کو آگے بڑھایاگیا ،کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔