عمران کی خواہش کے باوجود فوج کا کسی ڈیل کا کوئی ارادہ نہیں،برطانوی اخبار

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)برطانوی اخبارگارجین نے دعویٰ کیا ہے عمران خان کی خواہش کے باوجود فوج کا کسی قسم کی ڈیل کا کوئی ارادہ نہیں۔

گارجین کی رپورٹ کے مطابق سینئرعسکری ذرائع نے بتایا فوج کاعمران خان کےساتھ کسی قسم کے مذاکرات یا ڈیل کا کوئی ارادہ نہیں ،اڈیالہ جیل میں قید عمران خان سے صحافیوں کی ملاقات پر پابندی ہے لیکن گارجین نے اپنے سوالات قانونی ٹیم کے ذریعے پہنچائے۔

عمران خان نے سوالوں کے جواب میں کہا گزشتہ برس اگست میں قید کے بعد سے فوج کےساتھ براہ راست کوئی ملاقات نہیں ہوئی تاہم ماضی میں حکومت گرانے اور جیل میں ڈالنے میں کردار جیسے الزامات عائد کرنے کے باوجود پاکستان کی طاقت ور عسکری اسٹیبلشمنٹ کےساتھ ڈیل خارج ازمکان نہیں ہوگی۔

بانی پی ٹی آئی نے کہافوج کےساتھ کوئی بھی ملاقات اصولوں ،عوام کے مفاد کی بنیاد پر ہوگی اور ملاقات ذاتی مفاد یا کمپرومائز کرنے کےلئے نہیں ہوگی جس سے پاکستان کی جمہوری اقدار کو ٹھیس پہنچے،اپنے اصولوں پر سمجھوتہ کرنے کی بجائے ساری زندگی جیل میں رہنے کو ترجیح دوں گا۔

عمران خان نے کہاسویلین کا فوجی عدالت میں ٹرائل خطرناک فیصلہ ہوگا،صحافیوں کی ملاقات پر پابندی یا ٹرائل کی آزادانہ طریقے سے کوریج پر پابندی سے شفافیت پر کئی سوالات اٹھتے ہیں،انصاف کےلئے پرامید ہوں،یقین ہے عوام کی مرضی سے ایک مرتبہ پھر وزیراعظم بنوں گا۔