2 ارب مسلمان بدمست اسرائیل کو روکنے میں ناکام ہیں: احسن اقبال

لاہور (ایجوکیشن رپورٹر) وفاقی وزیرمنصوبہ بندی وترقی پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ فکر اقبال پاکستان کیلئے ترقی کا ایٹم بم ہے، اقبال کے افکار پر عمل کر کے پاکستان کو ترقی یافتہ قوموں میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہائیوں تک مسلمان علم کی بدولت ہر شعبہ میں مشاہدہ کرکے ترقی کی منازل طے کررہے تھے جبکہ آج علم سے دوری کے باعث المیہ یہ ہے کہ چاند کی تسخیر روس ،چین اور بھارت کررہے ہیں اور اسرائیل کی طاقت 52 اسلامی ممالک سے زیادہ ہوچکی ہے۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ زبان و ادبیات اورڈائریکٹوریٹ امور طلباءکے زیر اہتمام یوم اقبال کی مناسبت سے ’قومی ترقی کا سفر : فکرِاقبال کی روشنی میں الرازی ہال میں منعقدہ سیمینار سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹر محمد علی،وائس چانسلریونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز پروفیسر ڈاکٹر یونس سمیت فیکلٹی ممبران،طلبا طالبات اور ملازمین نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ اپنے خطاب میں پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ اسرائیل نے غزہ، فلسطین ،لبنان میں سفاکیت کی انتہا کی ہوئی ہے لیکن اس بد مست ہاتھی کو روکنے میں مسلمانوں کی دو ارب آبادی بھی ناکام نظر آتی ہے۔آج امریکہ اس لئے سپرور پاور ہے ان کی لیبارٹریوں اور لائبریرئیوں میں ہر وقت روشنیاں رہتی ہیں اور ہمارے ہاں جامعات میں سرکاری اوقات کے مطابق پانچ بجے کے بعد لائبریری اور لیبارٹری بند ہو جاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پتھروں کے کاروبار سے نکل کرقوم کو علم سے جوڑنا ہوگا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ ہمارے نوجوان 2047 ءمیں آزادی کا صد سالہ جشن قائداعظم اور علامہ اقبال کے نظریات کی روشنی میں تعمیر شدہ پاکستان میں منائیں گے۔انہوں نے کہا کہ اقبال ڈے کے نام پر چھٹی سے نقصان ہوتا ہے اگر اس دن ورکنگ ڈے ہوتو ان کے افکار اور نظریات پرپروگرام منعقد کروائے جاسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقبال کی تعلیمات و فکر اس بات کی متقاضی نہیں کہ چھٹی کریں بلکہ ان کی خدمات کو زیادہ سے زیادہ بلندکرکے حق ادا کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صدی میں ممالک سے نظریاتی اتحاد کی کوئی اہمیت نہیں رہی ،جی ٹوئنٹی کی بنیاد اقتصادی ترقی پر ہے ۔انہوں نے کہا کہ انتشار و نفرت کی سیاست سے دشمن کو فائدہ اور ملک کو کو نقصان ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے نظریات میں اختلاف ہوسکتا ہے لیکن ہم سب بحیثیت پاکستانی برابر ہیں۔