حماد اظہر سمیت متعدد رہنماﺅں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری

لاہور،راولپنڈی:( کورٹ رپورٹر،بیورورپورٹ)خصوصی عدالت نے 9مئی مقدمات میں حماد اظہر ، مراد سعید ، میاں اسلم اقبال سمیت متعدد پی ٹی آئی رہنماﺅں کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت کے جج ارشد جاوید نے مقدمات پر سماعت کی، عدالت نے تھانہ گلبرگ و دیگر مقدمات میں مراد سعید، میاں اسلم اقبال، حماد اظہر، حافظ فرحت عباس، واثق قیوم، زبیر نیازی ،حامد رضا گیلانی کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے اور7نومبر تک ملزموں کو گرفتار کر کے پیش کرنے کاحکم دےدیا۔

ادھر پی ٹی آئی رہنما سمابیہ طاہر، چودھری تنویر اسلم سمیت 400 کارکنوں کی ضمانتیں منظور ہو گئیں،راولپنڈی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے ضمانت منظور کیے جانے کے احکامات جاری کیے۔

دریں اثنا راولپنڈی کی انسداد دہشت گردی عدالت(اے ٹی سی)میں جج امجد علی شاہ نے پی ٹی آئی رہنما صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی کی عبوری ضمانت درخواست پر سماعت ہوئی، سماعت کے دوران صنم جاوید اور مشعال یوسفزئی کو عدالت میں پیش کیا گیا، عدالت نے دونوں کی عبوری ضمانتیں منظور کرلیں۔