اسلام آباد پر یلغارپوری قوت سے روکیں گے،حکومتی واتحادی رہنما

اسلام آباد،سیالکوٹ،فیصل آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی وزرا،اتحادی جماعتوں کے رہنماوں نے کہا ہے پی ٹی آئی دشمن کے ایجنڈے پر گامزن ہے، سب کچھ پلاننگ کے تحت ریاست کو کمزور کرنے کیلئے کیا جاتا ہے،15 اکتوبر کو اسلام آباد پر یلغارپوری قوت سے روکیں گے۔

سیالکوٹ میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا صوبے کی تمام پاورز کو وفاق پر استعمال کیاگیا، ڈاکٹر اسراراحمد اور حکیم سعید نے کہا تھا یہ اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں، دہشت گردی کی کبھی مذمت نہیں کی گئی،پی ٹی آئی نے اپنے دور حکومت میں ہزاروں کی تعداد میں دہشتگردوں کو بسایا ، پارٹی کوئی بھی لیڈر دہشتگرد حملوں میں شہید ہونےوالوں کے جنازے میں شرکت نہیں کرتا۔

خواجہ آصف نے کہاپاکستان کی تباہی کا سامان بانی پی ٹی آئی نے مہیا کیا، بلوچستان میں گزشتہ روز بھی ایک واقعہ ہوالیکن پی ٹی آئی کاایک ہی بیان تھا بانی کو رہا کیا جائے اورکوئی مطالبہ نہیں،شخصیات کا وجود آتا جاتا رہتا ہے، وجود تاقیامت قوموں کا رہتاہے،پی ٹی آئی کے ذہنوں میں ایسے پاکستان کا وجود نہیں جس میں بانی پی ٹی آئی حکمران نہ ہو، شاندانہ گلزار نے کہا تھا بانی ٹی آئی نہیں تو پاکستان نہیں، اپروچ ہونی چاہیے پاکستان ہے تو ہم ہیں مگر ہر چیز کا حوالہ بانی پی ٹی آئی کو بنانا چاہتے ہیں۔

وزیر دفاع نے کہاعمران خان کے کئی چہرے ہیں، پی ٹی آئی کے لوگوں نے کئی کئی جماعتیں بدلیںجب خود حکمران تھے تو کیاگرفتار سیاستدانوں کےساتھ کسی سے ملاقات ،کسی پریس سے ملنے کا حق دیا؟ نواز شریف منتیں کرتے رہے ،اہلیہ سے بات نہیں کرنے دی گئی،سازش 2014 کے دھرنے سے شروع ہوئی پھر 9مئی کرایا گیا،وفاق پر چڑھائی کی کوشش کی گئی ،دوبارہ9مئی برپا کرنا چاہتے ہیں،پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے ملکی عزت،توقیر میں اضافہ ،معیشت بہتر ہو، عدالتیں سانس لینے پر سو موٹو لیتی رہیں، عدالتوں نے دھڑا دھڑ بانی پی ٹی آئی کو ریلیف دیا، بانی پی ٹی آئی جتناریلیف کسی سیاسی لیڈر کو نہیں ملا۔

خواجہ آصف نے کہاعدالتوں کو نظر نہیں آرہا بانی پی ٹی آئی ملکی سالمیت کےساتھ کیا کررہے ہیں، عدالتوں کو قوم مفاد میں معاملے کانوٹس لینا چاہیے، عدلیہ کی تاریخ قابل رشک نہیں،15 اکتوبر کو احتجاج کی کال ملکی سالمیت پر حملہ ہے، اسلام آباد پر یلغار روکنے کےلئے ریاست کی پوری طاقت اور وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، کسی قیمت پر پاکستان کی عزت کیخلاف اقدامات کی اجازت نہیں دیں گے، ساری سہولت کاری عدلیہ کررہی ہے، 15 اکتوبر کو احتجاج کی کال پر اب تک نوٹس لے لینا چاہیے تھا اگر نوٹس نہیں لیں گے تو تاریخ یاد رکھے گی،پی ٹی آئی والے ریاست کو بلیک میل کرکے بانی کو رہا کرانا چاہتے ہیں، انتشار پھیلانے سے باز نہیں آرہے۔

وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کراچی میں ہونےوالی دہشتگردی اور پی ٹی آئی کی احتجاجی کال میں مماثلت ہے،چینی وزیراعظم 11سال بعد آرہے ہیں،ایس سی او کے مہمانوں کو بہترین میزبانی پیش کرکے پاکستان کا امیج اجاگرکریں گے،ایس سی او میں 9ممالک کے سربراہان شرکت کریں گے،باہمی تجارتی تعلقات کو فروغ دے سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کامیاب ممالک ایسے مواقع کا فائدہ اٹھاتے ہیں، تحریک انتشار نے 15اکتوبرکو مظاہرے کی کال دی ، لگتا ہے سکرپٹ رائٹر ایک ہی ہے، 2014 میں بھی پی ٹی آئی نے دھرنوں کے ذریعے چینی صدر کا دورہ ملتوی کرایا،سی پیک منصوبے کو ڈی ریل کرنے کی کوشش کی گئی، ملکی اقتصادی اشارئیے بہتر ہو رہے ہیں،پی ٹی آئی نے اقتدار میں آ کر چینی سرمایہ کاری کو نقصان پہنچایا،وفاقی وزیر نے کہابتائیں پی ٹی آئی نے ملکی معیشت کےلئے کیا کیا؟ ،بانی پی ٹی آئی خود کو عدالتوں سے بری کرائیں،ن لیگی رہنماﺅں نے پی ٹی آئی کا سخت دور دیکھا، جیلیں بھگتیں لیکن ریاست سے لڑائی نہیں لڑی۔

وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان اورسیفران انجینئر امیر مقام نے کہا پی ٹی آئی کا ایس سی او سربراہ اجلاس کے موقع پر احتجاج کا اعلان ملک دشمنی کا ثبوت ہے،کوئی دو رائے نہیں پی ٹی آئی کا ایجنڈا پاکستان مخالف ہے،پی ٹی آئی نے ایک بار پھر اپنا اصلی چہرہ دکھا دیا،دنیا کے سامنے پاکستان کی کیا ساکھ پیش کرنا چاہتے ہیں؟ پہلے چینی صدر کے دورے کو ملتوی کیا اب ایس سی او اجلاس کو سبوتاژ کرنا چاہتے ہیں،کسی بھی صورت احتجاج کی اجازت نہیں دی جاسکتی،عمرانی فتنہ بیرونی ایجنڈے پر ملک میں ہر وقت انتشار پھیلانے کی کوشش میں رہتا ہے۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے کہاپی ٹی آئی سیاسی نہیں ،ملک دشمن جماعت ہے،،ایس سی او کانفرنس کے موقع پر کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے، احتجاج کرنے والوں کا بندوبست کیا جائے گا۔

سینیٹر طلال چودھری نے پی ٹی آئی احتجاج کے نام پر دشمن ایجنڈے پر عمل پیرا ہے، سب کچھ پلاننگ کے تحت ریاست کو کمزور کرنے کیلئے کیا جاتا ہے،پی ٹی آئی نے پاکستان کو ڈیفالٹ کرنے کیلئے آئی ایم ایف کو خط لکھا ،کامیابی نہ ملنے پراداروں پر حملے شروع کردئیے، احتجاج کی کال دشمن سوچ کی عکاس ہے،پی ٹی آئی ماضی میں بھی ملکی ترقی میں رکاوٹ بنی۔

لیگی رہنما نے کہاشنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس کوئی عام اجلاس نہیں ، دنیا بھر سے وفود آ رہے ہیں،کانفرنس پر کوئی سمجھوتا نہیں ہو گا،پی ٹی آئی احتجاج کی صرف مذمت نہیں مرمت بھی کریں گے،ائیر پورٹ پر چینیوں پر حملہ کرنے والے اور اسلام آباد میں دھرنے کا اعلان کرنے والوں میں صرف نام کا فرق ہے،فضل الرحمن ایسے لوگوں کیخلاف سخت موقف لیں جو سیاست نہیں ریاست کو بلیک میل کرتے ہیں۔

سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ خراب ہے، اپنے مطالبات پورے کرنے کےلئے ہمیشہ غیر جمہوری ،غیر مہذب طریقہ اپنایا،ہر جماعت نے جدوجہد کی اور کرنی بھی چاہیے لیکن پی ٹی آئی کی لغت میں اتفاق رائے، افہام و تفہیم اور جمہوری روایات کی بات نہیں ، اپوزیشن اور اقتدار میں پی ٹی آئی کا کردار دیکھ لیں، نفرت، بغض، کینہ پروری ،بہتان سیاست کا محور ہے،عرفان صدیقی نے کہاپی ٹی آئی نے 25سالوں میں دنگا فساد کے علاوہ کوئی مثبت کام نہیں کیا ، کوئی بھی ذمہ دار سیاسی جماعت عالمی کانفرنس کے دن احتجاج کی کال نہیں دیتی،پی ٹی آئی عالمی دنیا کو نہایت منفی پیغام دے رہی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے احتجاج کی کال کو افسوسناک اور ملک کےلئے نقصان دہ قرار دیتے ہوئے کہاپی ٹی آئی ہوش کے ناخن لے،دہشتگرد تنظیمیں قومی مفادات کو نقصان پہنچانے کی کوششیں کررہی ہیں، ملک کی خاطر اکٹھے ہوکر آگے بڑھنا چاہیے۔

پیپلزپارٹی کی سینیٹر شیری رحمن نے کہاشنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے دن ڈی چوک پر احتجاج سے تحریک انصاف کیا حاصل کرنا چاہتی ہے؟غیر ملکی اعلیٰ سطحی وفود ،عالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے، تحریک انصاف جتھوں ،انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کر رہی ہے،پی ٹی آئی اپنی سیاست پر نظرثانی اور احتجاج کی کال واپس لے۔

گورنرخیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاڈی چوک میں احتجاج کا اعلان سازش ، پی ٹی آئی کا ہمیشہ ملک کےخلاف ایجنڈا رہا ہے، کیا ڈی چوک میں احتجاج کرنے سے بانی پی ٹی آئی رہا ،آئینی ترمیم نہیں ہوگی؟ ،سیاست دانوں کا سب سے بہترین فورم پارلیمنٹ ہے، پی ٹی آئی والے دوسروں کے بچوں کومروانے کے چکر میں ہیں، خود بھی سڑکوں پر نکلیں اور احتجاج کریں، احتجاج آپ کا حق ہے لیکن موقع ٹھیک نہیں ۔