پی ٹی آئی نے 15 اکتوبر کو پھر ڈی چوک پر احتجاج کا اعلان کردیا

اسلام آباد،لاہور،پشاور:(بیورورپورٹ،خبر نگار)پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے 15 اکتوبر کو پھر ڈی چوک پر احتجاج کااعلان کر دیا،سیاسی کمیٹی کا ہنگامی اجلاس ہوا ،وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے شرکت نہیں کی۔

اجلاس کے بعد سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا 15 اکتوبر کو اسلام آباد کے ڈی چوک میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا، مرکزی کمیٹی سے لےکر علاقائی سطح تک تمام تنظیمی ذمہ داروں ،ونگز کو تیاریوں کی ہدایت کردی۔

اعلامیے کے مطابق 15 اکتوبر کو ڈی چوک کے پرامن احتجاج کی تیاریوں کے پیش نظر پنجاب کے اضلاع میں ہونے والا احتجاج منسوخ کردیا ،اعلان بعد میں کیا جائے گا،سیاسی کمیٹی نے کہا مینڈیٹ چور اور آئین و قانون سے بیزار ناجائز حکمران ظلم اور سفاکیت ترک کرنے پر کسی طور آمادہ نظر نہیں آرہے، اڈیالہ میں ناحق قید عمران خان کو بطور خاص بربریت کے نئے سلسلے کا نشانہ بنایا جارہا ہے،اعلامیے میں کہا گیاعمران خان کی زندگی، صحت اور سلامتی کو جان بوجھ کر سنگین خطرات سے دوچار کرنے کیلئے تمام بنیادی و انسانی حقوق سلب کیے گئے۔

دریں اثنا مرکزی قیادت نے پارٹی کی لاہور تنظیم پر عدم اعتماد کا اظہار کردیا ،قیادت قائم مقام صدر پنجاب حماد اظہر نے سنبھال لی۔

دوسری جانب صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہاوفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کےساتھ بیٹھنا صوبائی حکومت کا استحقاق ہے،کہ تنازعات کا حل تشدد نہیں، مذاکرات میں ہے، کے پی ہاوس کو بند کرنا انتہائی افسوسناک ہے، فاشسٹ حکومت بتائے زور زبردستی سے کون سی قانون سازی ہوتی ہے؟،پارٹی اراکین اسمبلی کو 20، 20 کروڑ روپے کی آفرز کی گئیں مگر کوئی ایم این اے نہیں ٹوٹے گا۔