خیبر پختونخوا کے تمام وسائل احتجاج،دھرنوں پر خرچ،عوام ریلیف کو ترس گئے:عظمیٰ بخاری

لاہور :(اپنے رپورٹر سے) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کے پی حکومت کے پاس عوام کیلئے فنڈز نہیں مگر دھرنے، جلسوں اور احتجاج کےلئے تمام وسائل میسر ہیں،اپنی کارکردگی نہ ہونے والے دوسروں سے سوال کر رہے ہیں۔

مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے کہا کے پی حکومت کا ریلیف سے کوئی تعلق ہے نہ کسان سے اور نہ ہی سولر پینل بانٹنے سے، بھائی کر کیسے لیتے ہیں آپ لوگ؟ کے پی حکومت کے پاس روٹی سستی کرنے کا میکنزم تک نہیں ، پنجاب کا کسان مریم نواز کی کارکردگی سے مطمئن ہے، مریم نواز کسانوں کےلئے کسان پیکیج پر عمل درآمد شروع کر چکیں۔

وزیراطلاعات پنجاب نے کہا کسانوں کو ٹریکٹر سکیم کے تحت ہزاروں ٹریکٹرز تقسیم کرنے جا رہے ہیں، ڈیڑھ لاکھ کسان کارڈ تقسیم کیے جا چکے ہیں، مریم نواز نے چند ماہ میں پنجاب کے لوگوں کو سستی روٹی اور سستا آٹا فراہم کیا ، مریم نواز کی حکومت نے پنجاب کے لوگوں کو بجلی کے بلوں میں بھی 55 ارب کا ریلیف دیا، مریم نواز جلد پنجاب میں سولر پینل کا بھی منصوبہ لا رہی ہیں، کے پی حکومت نے بھی سولر پینل دینے کا اعلان کیا تھا لیکن وہ صرف اعلان ہی رہا، کے پی حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے اور یونیورسٹیاں چلانے تک کے بھی فنڈز میسر نہیں۔