کے پی ہاﺅس پر دھاوا آئین پر حملہ،آرٹیکل6لگایاجائے:پی ٹی آئی

پشاور،لاہور(:بیورورپورٹ،اپنے رپورٹر سے) پی ٹی آئی نے اسلام آباد،لاہور اور راولپنڈی کے جلسوں میں مشکلات کے بعد احتجاج کی حکمت عملی تبدیل کرلی،ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی اب اسلام آباد اور بڑے شہروں کا رخ کرنے کی بجائے ضلعی سطح پراحتجاج کرے گی۔

پی ٹی آئی کے مرکزی رہنما اسد قیصر نے نئی حکمت عملی کی تصدیق کرتے ہوئے کہااضلاع کی سطح پر احتجاج کا پلان بنا رہے ہیں، جلد پارٹی ترجمان پالیسی کا اعلان کریں گے۔

سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا خیبرپختونخوا ہاوس پر حملہ آئین پر حملہ ہے، یہ صوبے کی عوام کی بے عزتی ہے،ڈی چوک پر احتجاج کامیاب رہا، ایک صوبے کے منتخب صوبے کے وزیر اعلیٰ کی تضحیک کی گئی ، آئین کی خلاف ورزی کرنےوالوں پر آرٹیکل 6 لاگو ہوتا ہے ، آئینی عہدے چھوڑ کر میدان میں آئیں پھر دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے، اپنے عہدوں کا استعمال کرکے اپنا زور دکھایا جارہا ہے، بانی پی ٹی آئی بے گناہ قیدی ہے، آئینی ترمیم میں 56 ترامیم شامل ہیں، بنیادی آئینی حقوق کو ختم کرنے کی ترامیم لائی جارہی ہے ، کوئی جانور نہیں آپ اس طرح رویہ رکھیں، اپنی آئینی جنگ ہر فورم پر جاری رکھیں گے۔

دوسری جانب پی ٹی آئی نے پنجاب میں ایک بار پھر احتجاج کی کال دےدی،پی ٹی آئی پنجاب وسطی کے سیکرٹری جنرل حماد اظہر نے کہا ملک میں عوام کی حاکمیت کی خاطر احتجاج جاری رہے گا، 11 اکتوبر کو ملتان اور ساہیوال، 12 کو گوجرانوالہ اور سرگودھا ، 13 کو ڈیرہ غازی خان ڈویژن، 14 اکتوبر کو لاہور اور فیصل آباد میں مظاہرے ہوں گے ۔