”حق دو عوام کو“تحریک کا فیز ٹو شروع،ریلیف دینا پڑے گا،جماعت اسلامی

لاہور: (اپنے نمائندے سے) جماعت اسلامی نے ”حق دو عوام کو“تحریک کا فیز ٹو شروع کرنے کااعلان کردیا۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف نے کہا حافظ نعیم الرحمن لاہور سے فیز ٹو کا آغاز کریں گے، جماعت اسلامی عوام کے حقوق کےلئے پر امن مزاحمتی تحریک کو مزید تیز کرے گی، حکومت نے معاہدے کے مطابق عوام کو ریلیف نہ دیا تو لانگ مارچ جیسے آپشن بھی موجود ہیں۔

قیصر شریف نے کہااحسن اقبال کا امیر جماعت اسلامی پر تبصرہ غیر ضروری و نامناسب ہے، حکومت عوام کو ریلیف دینے کی بجائے تکلیف دے رہی ہے، حکمران طبقہ آئی پی پیز کا سرپرست ہے، بجلی بلوں میں شامل ناجائز ٹیکسز اور کپیسٹی چارجز نے فی یونٹ قیمت کو کئی گنا بڑھا دیا ، موجودہ صورتحال میں معیشت چل سکتی ہے نہ ایک خاندان کے گھر کا خرچ پورا ہو سکتا ہے۔

سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی نے کہاحافظ نعیم الرحمن 25 کروڑ عوام کی امید ہیں، امیر جماعت اسلامی حکمرانوں کی نااہلی اور نالائقی پر بات کر رہے ہیں،ن لیگ کو آئی پی پیز کے ذریعے قوم کے اربوں روپے کا حساب دینا ہو گا۔