ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی مطلوب حمایت مل گئی: کاملا ہیرس

واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ کی نائب صدر کاملا ہیرس نے کہا ہے کہ ان کیلئے یہ قابل فخر ہے کہ انہوں نے ڈیموکریٹ پارٹی کا صدارتی امیدوار نامزد ہونے کیلئے مطلوبہ حمایت حاصل کرلی ہے۔ امریکی ٹی وی کے مطابق اپنے بیان میں کاملا ہیرس نے کہا کہ جب انہوں نے صدارتی الیکشن لڑنے کا اعلان کیا تھا تو اسی وقت کہہ دیا تھا کہ وہ نامزدگی جیتیں گی۔نائب صدر نے کہا کہ انہیں اس بات پر اور بھی فخر ہے کہ انکی اپنی ریاست کیلیفورنیا کے ڈیلی گیشن نے انکی انتخابی مہم کو عروج پر پہنچایا، اب وہ باضابطہ طور پر ڈیموکریٹ صدارتی امیدوار کی نامزدگی قبول کرنے کی منتظر ہیں۔ کاملا ہیرس نے کہا کہ وہ صدر بائیڈن اور ہر اس شخص کی شکر گزار ہیں جنہوں نے ان پر اعتماد کا اظہر کیا اور وہ منتظر ہیں کہ اپنا مقدمہ عوام تک لے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ الیکشن دو وژنز کے درمیان واضح چوائس ہوگا، ڈونلڈ ٹرمپ امریکہ کو اس جگہ پر واپس لے جائیں گے جب ہم میں سے کئی کے پاس برابر حقوق نہیں تھے اور مکمل آزادی بھی نہیں تھی۔ کاملا ہیرس کا کہنا تھا کہ اگلے چند مہینوں میں وہ ملک کے مختلف حصوں کا دورہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ان امور پر بات کریں گی جن کے بارے میں خدشات ہیں۔ نائب صدر کاملا ہیرس نے یہ بھی کہا کہ وہ ڈیموکریٹ پارٹی اور قوم کو متحد کرنے کا ارادہ رکھتی ہیں اور ڈونلڈ ٹرمپ کو نومبر میں ہرانے کا تہیہ کیے ہوئے ہیں۔