اعتراف جرم کافی نہیں،عمران خان اپنے جرم کی معافی مانگیں،پیپلز پارٹی

اسلام آباد،کراچی(بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمن نے کہاعمران خان نے بالآخر مان لیا جی ایچ کیو کے سامنے احتجاج کی کال دی تھی،بیان اعتراف جرم نہیں تو کیا ہے؟ وہ مسلسل پرتشدد احتجاج کا ذمہ دار اداروں ،حکومت کو ٹھہرایا کرتے تھے۔

اپنے بیان میں شیری رحمن نے کہاعمران خان نے اپنی گرفتاری سے بچنے کیلئے حساس اداروں کو نشانا بنایا، اداروں ،شہدا کی یادگاروں پر حملے کی کال دینے کا اعتراف کافی نہیں،عمران خان کو اپنے جرم پر معافی مانگنی چاہیے،ماضی میں کسی بھی لیڈر کو جیل سے ویڈیو لنک ،انٹرویو کی سہولتیں نہیں ملیں، عمران خان ماضی میں اپنی فسطائیت بھول گئے ،مخالفین کی جیلوں سے سہولیات چھینے والے اپنے لئے سہولتیں مانگ رہے جبکہ جیل میں ہر سہولت میسر ہے۔

پیپلز پارٹی کے رہنماخورشیدشاہ نے کہابانی پی ٹی آئی کوعسکری عمارتوں ،تنصیبات پر دھاوا بولنے کا اعتراف بہت پہلے کر لینا چاہیے تھا،عمران خان نے ملک میں نفرت ،پرتشدد سیاست کی بنیاد رکھی،ملکی حالات اور بین الاقوامی تعلقات خراب کرنا جماعت کی سوچی سمجھی سکیم ہے، پی ٹی آئی کو منفی سیاست ترک کر کے مثبت سیاست کا آغاز کرنا چاہیے،ملکی ترقی اور خوشحالی کیلئے سیاسی جماعتوں میں ہم آہنگی ضروری ہے۔