ملکی سالمیت و خود مختاری کےلئے جماعت کاوجود ہی ناقابل برداشت ہے:عظمیٰ بخاری

لاہور: (اپنے رپورٹر سے)وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہاہے ملکی سالمیت و خود مختاری کےلئے جماعت کاوجود ہی ناقابل برداشت ہے،مریم نواز کا مشن خوشحال ، روشن اور ترقی کرتا پنجاب ہے اب کسی قسم کی غیر آئینی سہولت کاری کو برداشت نہیں کیا جائے گا،9مئی کے فسادیوں ،دہشتگردوں کےلئے سیاست میں کوئی جگہ نہیں۔

اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہاتنقید کرنے والے مریم نواز سے کارکردگی میں مقابلہ کریں، زبان درازی،خیالی پلاﺅ اور فلسفے جھاڑنے میں پی ٹی آئی کا متبادل کوئی نہیں ہوسکتا، مریم نوازحکومت کی فکر کرنے کی بجائے انتشاری ٹولہ اپنی خیر منائے،خیبر پختونخوا کے عوام کو 11سال سے سونامی، تبدیلی و نئے پاکستان کے نام پر جھانسے دیئے جا رہے ہیں، تعلیم،صحت، انفراسٹرکچر اور روزگار تحریک انصاف کی کبھی ترجیح نہیں رہی۔

وزیر اطلاعات نے کہاشہدا کے مجسمے جلانے والے کس منہ سے خود کو محب وطن کہتے ہیں؟ حب الوطنی کا پہلا و بنیادی فریضہ شہدا ،غازیوں کی عزت و تکریم ہے،پاکستان کو معاشی طور پر دیوالیہ کرنے کی سازش کرنے والوں کونشان عبرت بنایا جانا چاہیے، ن لیگی قیادت کو اعزاز حاصل ہے پاکستان پر جب بھی برا وقت آیا فرنٹ لائن پر اپنا رول ادا کرنے پہنچی ،تمام تر مشکلات کے باوجود پاکستان کو پاﺅں پر کھڑا کرنے کےلئے جدوجہد کررہے ہیں