پی ٹی آئی پر پابندی سیاسی مشاورت سے مشروط ،آئین پر عمل ہوگا:وفاقی وزرا

اسلام آباد،لاہور :(بیورورپورٹ ،اپنے رپورٹر سے )وفاقی وزرا نے کہاہے پی ٹی آئی پر پابندی سیاسی مشاورت سے مشروط ہے،آئینی طریقہ کار پر عمل ہوگا۔

مشیر وزیراعظم رانا ثنا نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاپی ٹی آئی پر پابندی کیلئے حکومت نے ابھی ارادہ ظاہر کیا ،آئین پر عمل کیا جائیگا،حکومت آرٹیکل 17کے تحت کسی بھی پارٹی پر پابندی کیلئے ڈکلیئریشن دے سکتی ہے۔

رانا ثنا نے کہا کابینہ منظوری دے گی تو ڈکلیئریشن سپریم کورٹ میں پیش کیا جائے گا، ڈکلیئریشن کو 15 دن میں سپریم کورٹ میں پیش کیا جاتا ہے،سپریم کورٹ بھی ڈکلیئریشن سے متفق ہوجائے تو پارٹی پر پابندی عائد ہو جاتی ہے، حکومت نے ابھی اپنے ارادے کو ظاہر کیا، آئین میں دیئے گئے طریقہ کار کے مطابق عمل کیا جائےگا،حکومت کو حق حاصل ہے جس طرح پی ٹی آئی کو حق حاصل ہے، حکومت بھی اپنا موقف پیش کرے اور کامیابی کیلئے کوشش کرے، آئینی طور پر حکومت کو سیٹیں مل سکتی ہیں تو کوشش کرنے میں کوئی برائی نہیں، مخصوص نشستوں کے معاملے پر عدالت میں اپنا موقف پیش کریں گے، اگر مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں تو آئینی طور پر کوشش کریں گے۔

ادھر وزیرقانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ صرف ایک تجویز ہے، سیاسی اتحادیوں سے مشاورت اور قانون پہلووں کو دیکھ کر ہی کوئی فیصلہ ہوگا، ابھی صرف یہ سوچ بچار ہے اس کو اعلان یا منطقی فیصلہ نہیں کہہ سکتے۔

وزیرقانون نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا پی ٹی آئی پر پابندی کا معاملہ سیاسی مشاورت سے مشروط ہے، تجویز کے قانونی پہلو دیکھے جائیں گے، اتحادی جماعتوں سے بھی بات چیت ہوگی، پابندی کی بات صرف سوچ بچار تھی، ابھی تجویز کو منطقی فیصلہ قرار نہیں دیا جاسکتا، وزیراطلاعات نے جو بات کی وہ پارٹی سے کلیئرنس کے بعد کی ہوگی۔