نئے انتخابات کرائے جائیں،عمران، مذاکرات کیلئے 3شرائط رکھ دیں

راولپنڈی:(بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وبانی پی ٹی آئی عمران خان نے نئے انتخابات کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے حکومت سے مذاکرات کیلئے 3شرائط رکھ دیں۔

صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہامذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن پہلے میرے کیسز ختم ،کارکنوں کو رہا اورمینڈیٹ واپس کیاجائے،میں نے جنرل باجوہ سے 2مرتبہ مذاکرات کیے، اسد عمر، پرویز خٹک اور شاہ محمود قریشی پر مشتمل 3رکنی کمیٹی بنائی، بتایا گیا بڑے صاحب انتخابات نہ کرانے کا فیصلہ کر چکے ہیں،سابق وزیراعظم نے کہا8فروری 2024 کا ڈاکہ نہیں بھولا جاسکتا، بھوک ہڑتال کروں گا اور عالمی سطح پر اجاگر کریں گے، اب کیا فائدہ حکومت میں آنے کا، اسٹیبلشمنٹ کو صاف و شفاف انتخابات کرانا ہوں گے، مخصوص نشستیں ملنے کے بعد کسی جوڑ توڑ کا حصہ نہیں بنیں گے، ملک بچانا ہے تو واحد راستہ صاف و شفاف الیکشن ہے، آئندہ سال کا بجٹ موجودہ بجٹ سے زیادہ سخت ہوگا، عوام پر ٹیکسوں کی بارش کی جارہی ہے۔

عمران خان نے کہاسپریم کورٹ کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، فیصلہ مثبت پیش رفت ہے، عوام کو امید ملی ،شکر ہے سپریم کورٹ کے جج رول آف لاءکیلئے کھڑے ہوگئے، رول آف لاءمیں طاقتور قانون کے نیچے ہوتا ہے،جسٹس منیر نے طاقت کے سامنے گھٹنے ٹیک دیئے تھے، سب کو پتہ تھا اسٹیبلشمنٹ ،قاضی فائز عیسیٰ کہاں کھڑے ہیں، پی ٹی آئی کو الیکشن ہی نہیں لڑنے دیا گیا۔

سابق وزیراعظم نے کہا ن لیگ ہمیشہ امپائر کو ساتھ ملا کر کھیلتی ہے، نواز شریف تصدیق شدہ مجرم ،مفرور ہے ،سارے کیسز کیسے ختم ہوگئے؟،چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے میرا سوال ہے کیا اخلاقی طور پر آپ کو میرے کیسز میں بیٹھنا چاہیے؟ جسٹس گلزار کے 5رکنی بنچ نے کہا تھا قاضی فائز عیسیٰ کو میرے کیسز نہیں سننے چاہئیں، چیف جسٹس کی اہلیہ کے میرے خلاف بیانات آن ریکارڈ ہیں، چیف الیکشن کمشنر کو اگر کوئی شرم ہے تو مستعفی ہوجائے، سکندرسلطان راجہ پر آرٹیکل 6 لگنا چاہیے۔