اپنی پارٹی بناناخاقان کاحق،جلسے کی اجازت دینا یا نہ دینا انتظامیہ کا معاملہ ہے:وزیر قانون

حافظ آباد:(بیورورپورٹ)وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑنے کہاہے پی ٹی آئی کو جلسے کی اجازت دینا یا نہ دینا انتظامیہ کا معاملہ ہے۔

حافظ آباد میں صحافیوںسے گفتگو کر تے ہوئے اعظم نذیر تارڑ نے کہاانتظامیہ اور خفیہ اداروں کی رپورٹ کے مطابق ترنول کا علاقہ حساس ترین قرار دیا گیا ،محرم الحرام کے دوران تمام انتظامیہ ہائی الرٹ ہوتی ہے اور کسی جماعت کو جلسے یا ریلی کی اجازت دینا انتظامیہ کا معاملہ ہے، سیاسی جماعتوں کو بھی چاہیے اپنے کارکنوں و ملک کے مفاد میں فیصلے کریں۔

وفاقی وزیر نے کہا ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے کوششیں جاری ہیں ،پاکستان دہشت گردی کےخلاف فرنٹ لائن سٹیٹ بنا ہوا ہے اور افغان جنگ کے اثرات ابھی بھی موجو د ہیں، مخصوص نشستیں صرف الیکشن جیت کر آنے والی سیاسی جماعتوں کاحق ہے،اسمبلی آنے والی سیاسی و پارلیمانی جماعتوں کو پہلے سے جمع کر ائی جانے والی لسٹ کے مطابق ہی مخصوص نشستیں مل سکتی ہیں،اعظم نذیر تارڑ نے کہاشاہد خاقان عباس کاآرٹیکل 17کے تحت ایک پارٹی سے دوسری پارٹی میں جاناآئینی حق ہے،اپنی پارٹی بنانے کی بھی آزادی ہے۔