”حق دو عوام کو تحریک“ شروع ،دھرنا ایک 2دن کا نہیں ہوگا ،بیٹھے رہیں گے، حافظ نعیم الرحمن

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے ”حق دو عوام کو تحریک“ شروع کردی،اسلام آباد دھرنا ایک 2دن کا نہیں ہوگا ،بیٹھے رہیں گے۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاحکومت تنخواہ دار طبقے کو نچوڑ رہی ہے ،وزیراعظم شہباز شریف سے پوچھنا چاہتا ہوں جاگیر داروں پر ٹیکس کیوں نہیں لگایا؟، ٹیکس ادا نہ کرنے پر عوام کی سمز تو بند کررہے ہیں ، جاگیردار طبقے کی کیوں سمز بند نہیں کررہے،بجلی کے بل عوام پر بموں کی صورت میں برس رہے ہیں،ہر چیز پر ٹیکس لیاجارہاہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہالوگوں کو امن بھی خریدنا پڑتا ہے ،بہت شور سنا تھا یکساں نظام تعلیم ہوگیا ، بتائیں کہاں ہے یکساں نظام تعلیم ؟،زراعت کے شعبے سے بھی سوتیلی ماں کا سلوک کیا گیا، کسانوں کےساتھ دھوکہ ہوا ،حکمران طبقہ خود قربانی دینے کو تیار نہیں ، حکومت نے مراعات میں اضافہ کرکے بوجھ عام آدمی کے کندھوں پر ڈال دیا۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہااسلام آباد میں تاریخی دھرنا ہوگا،12 جولائی کو اسلام آباد میں دھرنے کےلئے تاجروں، صنعتکاروں ،مزدوروں اور طلبا سے رابطہ کریں گے، مراعات یافتہ طبقے کو ملنی والی فری بجلی کو ختم کیا جائے،ملک کی صورتحال اچھی نہیں ،معیشت کا تو بہت ہی برا حال ہے، بالا دست افراد تو موقع کا فائدہ اٹھاتے ہیں مگر غریب و تنخواہ دار طبقہ کہاں جائے،ظلم پر خاموش رہنا بہت بڑا ظلم ہے،امیر جماعت اسلامی نے کہا کسی اتحاد یا انتخابی اتحاد کا حصہ نہیں بنےںگے،ایجنڈا بجلی بلوں میں ریلیف ہوگا، آئی پی پیز ،سیاسی جماعتوں کا شیطانی اتحاد ہے۔