بڑی جماعت کو انتخابی عمل سے نکال کر ووٹرز کو حق سے محروم کیا گیا،جسٹس اطہر

اسلام آباد: (بیورورپورٹ)عدالتی فیصلے کی غلط تشریح سے بڑی سیاسی جماعت کو انتخابی عمل سے نکال کر ووٹرز کو بنیادی حق سے محروم کیا گیا، جسٹس اطہر من اللہ نے مخصوص نشستوں کے کیس میں اضافی نوٹ جاری کردیا۔

جج سپریم کورٹ نے اضافی نوٹ میں لکھا بادی النظر میں سپریم کورٹ کا فیصلہ کسی جماعت کو نااہل قرار دینے کےلئے نہیں تھا،8فروری کے انتخابات سے قبل، دوران اور بعد میں کیا کیا شکایات تھیں؟ الیکشن کمیشن مکمل ریکارڈ دے، سپریم کورٹ انتخابی عمل کی ساکھ پر اٹھنے والے سوالات پر آنکھیں بند نہیں کر سکتی۔

4صفحات پر مشتمل اضافی نوٹ میں جج نے کہاتاثر نہیں جانا چاہیے عدالت شفاف انتخابات نہ کرانے میں ناکامی پر الیکشن کمیشن سے ملی ہوئی ہے ،مخصوص نشستوں کا کیس صرف نشستوں نہیں بلکہ اصل سٹیک ہولڈرز یعنی عوام کے بنیادی آئینی حقوق کا کیس ہے،الیکشن کمیشن مطمئن کرے عام انتخابات میںتمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع دے کر اپنی آئینی ذمہ داری پوری کی ؟۔

جسٹس اطہر من اللہ نے لکھا الیکشن کمیشن وکیل کے دلائل سے عام انتخابات کی شفافیت پر سنگین سوالات اٹھے ، وکیل کے مطابق ملک کی بڑی سیاسی جماعت فیصلے کی تشریح پر انتخابی عمل سے باہر ہوئی ،مخصوص نشستوں کا فیصلہ اکیلے میں محض تکنیکی نقطے نکال کر نہیں کیا جاسکتا، فیصلہ 8 فروری کے تمام انتخابات کے تناظر میں کیا جاسکتا ہے،الیکشن کمیشن تحریری بیان دے کیا 8 فروری کے الیکشن سے پی ٹی آئی کو بطور سیاسی جماعت انتخابی عمل سے باہر رکھنا قانونی عمل تھا؟، انتخابات میں دھاندلی درخواست کو بھی مخصوص نشستوں کے کیس کےساتھ سناجائے،ووٹرز کو من پسند جماعت کو ووٹ دینے سے دور کرنا آئین کی سنگین خلاف ورزی ہے،عدالت اہم ترین معاملات میں تکنیکی نکات کی غلام نہیں بن سکتی۔