جماعت اسلامی کا لوڈشیڈنگ ،عوام دشمن بجٹ کےخلاف ملک گیر احتجاج کااعلان

لاہور: (اپنے نمائندے سے)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے مہنگی بجلی، بدترین لوڈشیڈنگ اور عوام دشمن بجٹ کے خلاف ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کردیا۔

منصورہ میںنائب امیر لیاقت بلوچ، سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہاظالمانہ بجٹ کسی صورت قبول نہیں، ن لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی بجٹ پر نوراکشتی جاری ہے، روٹھنے منانے کی ڈرامہ بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں،جماعت اسلامی کا احتجاج پرامن ہوگا،پنجاب میں دفعہ 144انگریزوں کا عطاکردہ قانون ہے، حق کےلئے آواز کو نہیں دبایا جاسکتا، حکمرانوں نے جو کرنا ہے کرلیں۔

امیر جماعت نے کہا سخت گرمی میں ملک کے طول و عرض میں جاری طویل لوڈشیڈنگ اور اوپر سے بجلی بلوں کی صورت میں بجلی بموں نے عوام کی زندگی عذاب کردی ، شہاز شریف عرصہ دراز سے لوڈشیڈنگ خاتمے کے جعلی اعلانات کررہے ہیں، وزیرخزانہ کوحق کس نے دیااندھی پرائیویٹائزیشن کا بیان جاری کریں، شاہی فرمان جاری کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے، وزیرخزانہ جن پارٹیوں کی نمائندگی کرتے ہیں وہ بذات خود قومی اداروں کی تباہی کی ذمہ دار ہیں، پہلے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لایا جائے۔