میڈرڈ،اسلام آباد: (مشرق نیوز،بیورورپورٹ) فلسطین کیلئے تاریخ ساز لمحہ ،سپین، آئرلینڈ اور ناروے نے باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرلیا۔
،سپین کے وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا فلسطین کو تسلیم کرنا تاریخ ساز لمحہ ہے، فلسطین پر مظالم کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی، فیصلہ کسی ملک کیخلاف نہیں بلکہ امن کا قیام سب کی ذمہ داری ہے،فلسطین کو تسلیم کرنا اقوامِ متحدہ قراردادوں کے عین مطابق ہے،آزاد فلسطین ریاست کا قیام ہی مشرق وسطیٰ میں امن کا واحد راستہ ہے۔
صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے کہا فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنا نہ صرف تاریخی انصاف کا معاملہ ہے بلکہ سپین سمیت دیگر یورپی ممالک کے اقدام سے مشرق وسطیٰ میں امن کو فروغ ملے گا،آئرلینڈ کی پارلیمنٹ کے اوپر فلسطینی پرچم لہرا دیا گیا ،وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا تاریخی و اہم اقدام ہے،امید ہے دیگر یورپی ممالک فیصلے کی پیروی کریں گے۔
ناروے کے وزیر خارجہ ایسپن بارتھ ایدے نے کہا ناروے و فلسطین تعلقات کےلئے خاص دن ہے،یروشلم اسرائیل ،فلسطین دونوں کا دارالحکومت ہے۔
دریں اثنا پاکستان نے کہاہے یورپی ممالک کی جانب سے فلسطین کو آزاد ریاست تسلیم کرنا خوش آئند ہے،دنیا اب فلسطینیوں کو حق دینے کیلئے تیزی سے متفق ہو رہی ہے،یو این سمیت تمام عالمی فورمز میں فلسطین کو اب آزاد و خود مختار ریاست کے مساوی حقوق بھی ملنے چاہئیں،ترجمان دفتر خارجہ نے کہااقوام متحدہ میں فلسطین کو تسلیم کرنے والوں کی اکثریت 3 چوتھائی ہوچکی یو این کو اب ایک قدم آگے بڑھ کر فلسطین کو بطور ریاست جگہ دینی چاہئے،فلسطین کو ووٹ اور مباحثہ میں دیگر ریاستوں کی طرح حصہ لینے کا حق ہونا چاہئے۔
فلسطین کیلئے تاریخ ساز لمحہ ،سپین، آئرلینڈ اور ناروے نے باضابطہ آزاد ریاست تسلیم کرلیا



















