لاہور: (کورٹ رپورٹر،خبر نگار)لاہور کی سپیشل سینٹرل کورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے چیک اپ کےلئے ایم ایس سروسز ہسپتال کو میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم دےدیا۔
جج تنویر احمد شیخ نے پرویز،مونس الٰہی کےخلاف منی لانڈرنگ مقدمے کا تحریری حکم جاری کرتے ہوئے سپرنٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل کو پرویز الٰہی کو میڈیکل بورڈ کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت کردی،عدالت نے تحریری حکم میں کہا پرویزالٰہی کا مکمل چیک اپ کیا جائے، میڈیکل بورڈ 21 مئی سے پہلے سابق وزیراعلیٰ کی میڈیکل رپورٹ جاری کرے،ایف آئی اے کے مطابق مونس الٰہی کی گرفتاری کا معاملہ انٹرپول کے پاس زیر التوا ءہے، ملزم کی گرفتاری کےلئے دوبارہ انٹرپول سے رابطہ کیاجائے۔
دریں اثنا صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پرویزالٰہی نے کہاحالات عمران خان کےساتھ مذاکرات کے بعد ہی بہتر ہوں گے،بانی پی ٹی آئی کی رہائی کا خوف جعلی حکمرانوں کو چین سے نہیں بیٹھنے دے رہا، تمام سیاسی جماعتیں اپنا اپنا مثبت رول ادا کریں تب ہی استحکام پیدا ہو گا،جنرل الیکشن اور پھر ضمنی الیکشن میں عوام نے ن لیگ کو مسترد کیا، فارم 47 والی حکومت عوام کو کسی صورت قبول نہیں،ہر مسئلے کا حل مذاکرات کے ذریعے نکالا جاسکتا ہے۔
پرویز الٰہی کے چیک اپ کیلئے میڈیکل بورڈ بنانے کا حکم



















