اسلام آباد:(بیورورپورٹ)سیاسی جماعت پر پابندی صرف ملکی سالمیت و خود مختاری کی بنیاد پر لگ سکتی ہے ،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے انٹرا پارٹی الیکشن کے بعد سرٹیفکیٹ و مخصوص نشستوں کے حصول کیس کا 3صفحات پر مشتمل تحریری حکم نامہ جاری کر دیا۔
عدالت نے الیکشن ایکٹ کی شق 215کو آئین کے آرٹیکل 17دو کے برخلاف قرار دینے کی درخواست پروفاقی ،صوبائی حکومتوں، الیکشن کمیشن، پی ٹی آئی، سنی اتحاد کونسل ،اٹارنی جنرل ، ایڈووکیٹ جنرل کو نوٹس جاری کردئیے،حکم نامے میں کہا گیادرخواست گزار کے مطابق سیاسی جماعت کو انٹرا پارٹی انتخابات کے بعد سرٹیفکیٹ جمع کرانا ہوتا ہے، سیاسی جماعت کی جانب سے انٹرا پارٹی انتخابات کا سرٹیفکیٹ جمع نہ کرائے جانے پر انتخابی نشان جاری نہیں کیا جاتا، جب کسی سیاسی جماعت کو انتخابی نشان جاری نہیں کیا جاتا تو انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتی۔
عدالت نے کہاسیاسی جماعت کو انتخابی نشان جاری نہ کرنا بین لگانے کے مترادف ہے جو صرف آئین کی شق 17دو کے تحت کیا جا سکتا ہے، آرٹیکل 17دو کے تحت سیاسی جماعت پر صرف پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری کی بنیاد پر پابندی لگائی جاسکتی ہے،درخواست گزار کے مطابق سیاسی جماعت پر بین لگانے کیلئے وفاقی حکومت کو سپریم کورٹ میں ریفرنس دائر کرنا ہوتا ہے،سپریم کورٹ سیاسی جماعت پر بین لگانے یا نہ لگانے کا فیصلہ کرتی ہے،فریقین کو 21مئی کیلئے نوٹس جاری کیا جاتا ہے۔
سیاسی جماعت پر پابندی صرف ملکی سالمیت و خودمختاری کی بنیاد پر لگ سکتی ہے ،ہائیکورٹ



















