تصادم نقصان دہ،فضل الرحمن عوام سے مسترد ہونے کابدلہ جمہوریت سے نہ لیں،پیپلز پارٹی

اسلام آباد:(بیورورپورٹ )پیپلز پارٹی نے کہاہے ہمیشہ کہا آئیں بات چیت سے معاملات حل کریں،فضل الرحمن عوام سے مسترد ہونے کابدلہ جمہوریت سے نہ لیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فیصل کریم کنڈی نے کہا تصادم کا راستہ اختیار کریں گے تو نقصان جمہوریت کو پہنچے گا،مولانا نام بتائیں کس نے اسمبلی بیچی، کس نے خریدی، فضل الرحمن کو پی ٹی آئی والے راستے پر نہیں چلنا چاہیے اگر کے پی میں مولانا کے مینڈیٹ کو چرایا گیا تو پی ٹی آئی ہمت کرے اور سیٹیں واپس کرے،سربراہ جے یوآئی تصادم کی بجائے بات چیت کا راستہ اپنائیں،ماضی میں کہا گیا دہشتگردوں کو پرامن طور پر آباد کریں گے، دہشتگردوں نے اسلحہ اٹھا لیا ،کس کا گریبان پکڑیں، دہشتگردوں کےخلاف زیروٹالرنس ہونی چاہیے۔

پی پی رہنما نے کہا وزیراعلیٰ کے پی نے مخصوص نشستوں کے اراکین سے حلف لینے سے پھر انکار کیا، حلف لینا وزیراعلیٰ نہیں سپیکر کا کام ہے، وزیراعلیٰ سپیکر سے غیرقانونی و غیرآئینی کام کرانا چا ہتے ہیں،مخصوص نشستیں کسی کی جاگیر نہیں ہوتیں، وزیراعلیٰ کے پی عوام کی فلاح و بہبود پر کام کریں۔

ندیم افضل چن نے کہا قصور اپنا ہے الیکشن کو کبھی آزاد،خود مختار نہیں بناسکے اگر گالم گلوچ کی سیاست ہوتی رہے گی تو عوام کےساتھ زیادتی ہے،پی ٹی آئی کے روئیے سے عوام میں مایوسی پھیلتی جارہی ہے، ملک میں مہنگائی ،لاقانونیت ہے،فوڈ سکیورٹی بڑا ایشو ہے، حکومت پنجاب اور وفاق سے گزارش ہے گندم کا ایک ایک دانہ خریدیں، کسان کو معاشی قتل سے بچائیں اگر کسان بھی سڑکوں پر آگیا تو ملک مزید بحرانوں میں جائے گا، کسان کیلئے مقرر3900روپے قیمت کویقینی بنائیں۔