بھارت کشمیر پر لچک دکھائے تو تجارتی تعلقات بحال ہوسکتے ہیں،خواجہ آصف

اسلام آباد:(بیورورپورٹ)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہاہے بھارت کشمیر پر لچک دکھائے تو تجارتی تعلقات بحال ہوسکتے ہیں۔

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاجب تک بھارت میں الیکشن نہ ہو جائیں تب تک پاکستان اور بھارت تجارت شروع نہیں کریں گے،ایران جوابی کارروائی کا حق رکھتا ہے، ایرانی سفارت خانے پر حملے کے بعد توقع تھی ایران جوابی کارروائی کرے گا، ایران کے ساتھ جوکچھ ہورہا ہے وہ فلسطین کےساتھ کھڑا رہنے کی وجہ سے ہو رہا ہے۔

وزیر دفاع نے کہاایران کا اسرائیل پر حملہ علامتی رد عمل اور نپا تلا تھا ،نتیجے میں اسرائیل کی دفاعی تنصیبات کی معلومات ایران کو مل گئیں اور پورے اسرائیل کی میپنگ ہوگئی ، اسرائیل نے ایران پر جوابی حملہ کیا تو اسرائیل کا بہت نقصان ہوگا۔

جنگ کے اثرات پوری دنیا میں جائیں گے،پاکستان فلسطینیوں کےساتھ کھڑا ہے،نہیں چاہتے کشیدگی بڑھے لیکن فلسطین میں قتل عام بند ہونا چاہیے،اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی دباو نہیں،ایران سے تعلقات مستحکم ہیں، گیس پائپ لائن پر بھی بات آگے بڑھی ہے ،گوادر سے ایرانی سرحد تک اپنے حصے کی گیس پائپ لائن بنا رہے ہیں، پاکستان پائپ لائن بچھانے کی پوزیشن میں ہے اور فیصلہ کرلیا ۔