اسرائیلی دہشتگردی،غزہ لہو لہو،مزید سینکڑوں فلسطینی شہید،پاکستان میں غائبانہ نماز جنازہ

غزہ،اسلام آباد،پشاور،کوئٹہ ،کراچی:(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اسرائیلی دہشتگردی،عید پر بھی غزہ لہو لہو،حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں،پوتوں سمیت سینکڑوں فلسطینی شہید ہوگئے۔

غزہ کے رہائشیوں نے مہاجر کیمپوں میں کھلے آسمان تلے عید منائی اور ملبے کا ڈھیر بنی مساجد پر نماز عید ادا کی ، مسجد اقصیٰ میں عید کا بڑا اجتماع ہوا،لٹے پٹے مہاجرین نے کیمپوں میں روایتی پکوان بنائے ،شہید ہوجانےوالے پیاروں کو یاد کرکے روتے رہے۔

فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے عید کے دنوں میں بھی نہتے شہریوں کو نشانہ بنایا،بدترین بمباری میں سینکڑوں فلسطینی جان سے گئے،شہدا میں حماس سربراہ اسماعیل ہنیہ کے 3 بیٹے ، 3 پوتے بھی شامل ہیں۔

عرب میڈیا کے مطابق حماس سربراہ کے بیٹے،پوتے شمالی غزہ کے شاتی کیمپ میں رشتے داروں سے عید ملنے جارہے تھے ،اسرائیلی طیاروںنے نشانہ بنادیا،بیٹوںکی شناخت حازم، عامر اور محمد کے طور پر ہوئی۔

اسماعیل ہنیہ کوبیٹوں ،پوتوں کی شہادت کی اطلاع تب دی گئی جب وہ غزہ سے قطر لائے گئے زخمیوں کی عیادت کیلئے ہسپتال میں موجود تھے،حماس سربراہ نے شہادتوں کی خبر کو صبر کےساتھ سنا اور کہا میرے بیٹے غزہ کے لوگوں کےساتھ رہے اور علاقہ نہیں چھوڑا، بیٹوں کا خون غزہ میں شہید ہونےوالے لوگوں کے خون سے زیادہ قیمتی نہیں اور وہ قبلہ اول کو آزاد کرانے کی راہ میں قربانیوں کے سوا کچھ نہیں،اسماعیل ہنیہ نے کہاشہدا کے خون و زخمیوں کے درد سے امید پیدا کرتے ، مستقبل بناتے ہیں،خون سے آزادی تحریک مزید پروان چڑھے گی، بیٹوں کی شہادت سے حماس کی جنگ بندی کوششوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا،کوئی شک نہیں مجرم دشمن انتقام ، قتل و خونریزی کے جذبے سے کارفرما ہے اور کسی بھی معیار یا قانون کی پاسداری نہیں کرتا۔

ادھر فلسطینی وزرات صحت کے مطابق اسرائیلی دہشتگردی میں شہدا کی تعداد33500سے متجاوز کرگئی،طبی عملے کے 489افراد بھی شامل ہیں، 155 ہسپتالوں ،طبی اداروں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کردیا گیا۔

دوسری جانب پاکستان کے متعدد شہروں میںحماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں ، پوتوں کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی،کوئٹہ میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام غائبانہ نماز جنازہ کا اہتمام ہوا ،امامت قائم مقام امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ نے کی،کراچی میں جماعت اسلامی کے تحت حماس رہنما اسماعیل ہنیہ کے بیٹوں و دیگر شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ جامع مسجد رضوان میں ادا کی گئی،ترجمان مرکزی مسلم لیگ کے مطابق مرکزی مسلم لیگ کی اپیل پر بھی سینکڑوں مقامات پر فلسطینی شہدا کی غائبانہ نماز جنازہ اداکی گئی۔

ادھر جے یوآئی سربراہ فضل الرحمن نے حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کو تعزیتی خط لکھ دیا،فضل الرحمن نے تعزیتی خط میں کہاقائدین کے خاندان ، بچوں کو نشانہ بنانا دشمن کی ناکامی کا اعتراف ہے،شہدا کا خون رائیگاں نہیں جائے گا، جہادی کوششوں کی تائید کرتے ہیں،ہسپتالوں ،پناہ گزینوں کے خیموں کو نشانہ بنانا قابل مذمت ہے، فلسطینی مسئلے کے منصفانہ حل کیلئے جے یو آئی آواز بلند کرتی رہے گی۔

علاوہ ازیں چیئرمین پاکستان علماکونسل طاہر اشرفی نے حماس لیڈر اسماعیل ہنیہ کو فون کیا اور کہاآپ کے صاحبزادوں و فیملی نے دیگر شہداکی طرح عظیم قربانی دی،شہد اکی قربانیاں رنگ لائیں گی اور فلسطین آزاد ہوگا، جسمانی طور پر فلسطین سے دور مگر دل اور روح اہل فلسطین کےساتھ ہیں،اس موقع پر اسماعیل ہنیہ نے کہاشہدا کا خون ضائع نہیں ہونے دینگے، خون عظیم مقصد کیلئے ہے۔