صوبے کے ذاتی محصولات کا 66فیصد پی آر اے کا مرہون منت ہے:مجتبیٰ شجاع
لاہور (کامرس رپورٹر) وزیر خزانہ پنجاب مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کہا ہے کہ صوبے کے ذاتی محصولات کا 66فیصد پی آر اے کا مرہون منت ہے،بورڈ آف ریونیو 22فیصد جبکہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن 12فیصد ٹیکس اکٹھا کر رہے ہیں، ادارے میں اب بھی بہت پوٹینشیل موجود ہے،ٹیکس وصولیوں میں دوگنا سے زیادہ اضافے کو یقینی بنائیں گے، وصولیوں میں اضافے کے لیے ٹیکس نیٹ میں اضافے کی پالیسی اختیار کی جائے گی، ریسٹورانٹس، بیوٹی پارلرز اور فیشن ڈیزائنرز کے علاہ آ ئی ٹی سروسز ،فرنچائز ز اور سپانسر شپس کو بھی ٹیکس نیٹ میں لیا جائے گا، پی آر اے دفاتر میں اوپن ڈور پالیسی کو فروغ دیا جائے گا ۔ ادارے کی کامیابی کا انحصار عوام کے اعتماد پر ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب ریونیو اتھارٹی میں ادارے کی کارکردگی کے جائزہ اجلاس کے دوران کیا۔ اجلاس میں چیئرمین پنجاب ریونیو اتھارٹی جاوید بدر ، کمشنر لاہور مصباح نواز، ایڈیشنل کمشنر سارہ حیات، ممبر عطیہ علی خان اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ صوبائی وزیر نے اجلاس کے شرکا کو بتایا کہ 2012میں انہوں بطور وزیر خزانہ پنجاب ریونیو اتھارٹی کے قیام کی منظوری لی اور سیلز ٹیکس ان سروسز کی وصولیوں کو ایکسائز ڈیپارٹمنٹ سے پی آر اے میں منتقل کروایا آج پی آر اے صوبائی سطح پر ٹیکس اکٹھا کرنے والے تمام اتھارٹیز میں سب سے آگے ہے۔



















