بانی پی ٹی آئی پر حملہ ہوچکا ،مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے،لاہور ہائیکورٹ

لاہور: (کورٹ رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ نے ریمارکس دئیے ہیںبانی پی ٹی آئی پر حملہ ہوچکا ،مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے۔

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد نے پی ٹی آئی لائرز فورم کے صدر افضال عظیم کی جانب سے بانی پی آئی ٹی کو جیل میں مکمل سکیورٹی فراہم کرنے کےلئے دائر درخواست پر سماعت کی۔

ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے درخواست قابل سماعت ہونے پر اعتراض اٹھاتے ہوئے کہاسکیورٹی خدشات پررپورٹ طلب کروں گا، بانی پی ٹی آئی ہوں یا اللہ دتہ ،سکیورٹی ذمہ داری ہے۔

چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان نے ریمارکس دئیے مزید کسی بڑے حادثے کے متحمل نہیں ہوسکتے، پہلے لیاقت علی خان پھر بےنظیر بھٹو کو شہید کردیا گیا، بانی پی ٹی آئی پر پہلے بھی حملہ ہوچکا ،چیک کریں کس لیول کے سکیورٹی خدشات ہیں،ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے کہا درخواست راولپنڈی بنچ میں سنی جاسکتی ہے، پرنسپل سیٹ پر نہیں، عدالت نے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کو پٹیشن کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دینے کی ہدایت دیتے ہوئے کارروائی 3اپریل تک ملتوی کردی۔