اسلام آباد: (بیورورپورٹ)پی ٹی آئی کور کمیٹی نے مزاحمتی سیاست شروع کرنے اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی فوری رہائی کامطالبہ کردیا۔
پی ٹی آئی اور سنی اتحاد کونسل کی کور کمیٹی کا اہم اجلاس بیرسٹر گوہر کی سربراہی میں ہوا،لیگل ٹیم نے کیسز پر بریفنگ دی، کور کمیٹی نے عمران خان کے کیسزفوری ختم کرنے کامطالبہ کیااوربشریٰ کی سکیورٹی پرخدشات ظاہر کیے ،کور کمیٹی نے کہادوبارہ گنتی کرکے جیتی سیٹیں ہرائی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تنازعات سامنے آگئے، حامد رضا نے شکایات کے انبار لگادئیے، لطیف کھوسہ، سلمان اکرم راجہ اور شعیب شاہین ، شیر افضل مروت کے خلاف پھٹ پڑے،کئی کور کمیٹی اراکین اجلاس ادھورا چھوڑ کر چلے گئے۔
بعدازاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنمااسد قیصر نے مزاحمتی سیاست شروع کرنے کا اعلان کر دیا،اسد قیصر نے چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا اسمبلی کی کوئی عزت نہیں رہی، بندر بانٹ چل رہی ہے، اتنا مجبور نہ کریں تمام آپشنز توڑ دیں،جو رویہ آپ نے اختیار کیا ہوا ہے آپ ہی کے گلے پڑے گا،سابق سپیکر قومی اسمبلی نے کہا چیف الیکشن کمشنر سے پوچھتے ہیں کیا آپ کو خوف خدا ہے؟ ہر میدان میں مقابلہ کریں گے۔
مزاحمتی سیاست کا اعلان،عمران پر مقدمات ختم کیے جائیں،پی ٹی آئی



















