اسلام آباد:(بیورورپورٹ)ن لیگ نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف کے نام کی توثیق کردی اور سپیکر قومی اسمبلی کیلئے سردار ایاز صادق کو نامزد کردیا،قائد ن لیگ نواز شریف کی زیر صدارت پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا ،پارلیمنٹ ہاو¿س کے کمیٹی روم پہنچنے پر نواز شریف کا شاندار استقبال کیا گیا ،ہال تالیوں سے گونج اٹھا ۔
پارلیمانی پارٹی نے ملک کو مشکلات سے نکالنے میں قیادت کا ہر قدم پر ساتھ دینے کا عزم کیا اورنواز،شہبازکی قیادت پر قرار دادمنظور کرلی اور وفاقی کابینہ کی تشکیل سمیت تمام فیصلوں کا اختیار پارٹی قیادت کو سونپ دیا ،،نوازشریف نے وزیراعظم کیلئے شہبازشریف اور سپیکر قومی اسمبلی کیلئے سردار ایاز صادق کانام پیش کیا ۔
پارلیمانی پارٹی نے توثیق کردی،اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہاشہبازشریف کو بطور وزیراعظم اور ایازصادق کو بطور سپیکر نامزد کرتا ہوں،امید ہے ایاز صادق بہترین سپیکر کے طور پر ابھریں گے، حکومت آتے ہی معیشت ٹھیک کریں گے،سیاسی عدم استحکام کی کوئی بات نہیں، سیاسی و معاشی استحکام آئے گا،قائد ن لیگ نے کہاپہلے بھی ملک و قوم کی بہتری کےلئے کام کیا ،پاکستان کو بھنور سے نکالنے کےلئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہو گا،شہباز شریف کی قیادت میں ملک کو واپس پٹڑی پر چڑھائیں گے ،تبدیلی لانے والوں نے ملک کا بیڑہ غرق کیا،دوبارہ پاوں پر کھڑا کرنا ہو گا۔
قائد ن لیگ نے کہاملک اب مزید کسی تجربے کا متحمل نہیں ہو سکتا ،پاکستان کو انتشار نہیں،اتحاد کی ضرورت ہے ،تبدیلی نہیں تعمیری سیاست کی ضرورت ہے،وزیراعظم کیلئے شہبازشریف بہترین انتخاب ہیں،نئی حکومت کےلئے شروع کا ایک ڈیڑھ سال مشکل ہوگا ،سخت فیصلے کرنا ہوں گے،نوازشریف نے کہان لیگ کی خدمت و حکومت کا تسلسل جاری رہتا تو پاکستان جی 20 ممالک میں شامل ہوتا، سیاسی مخالفت ضروری لیکن پاکستان اور نظام کو خطرے میں نہ ڈالیں۔
قائد ن لیگ نے انکشاف کیا عمران خان نے طے کیا تھا اکھٹے چلیں گے مگر کام شروع کیا اور بجلی کی لوڈشیڈنگ ختم کرنے میں مصروف ہوگئے تو چند ہفتوں کے بعد طاہر القادری، موصوف اور کچھ لوگ دھرنوں کا پروگرام بنا کر لے آئے، دیکھتے ہی دیکھتے دھرنے شروع ہوئے، مجھے دھمکیاں دی گئیں مگر میں نے برداشت کیا، دھرنے شروع ہوئے تو دہشتگردی اور لوڈشیڈنگ زوروں پر تھی مگر حل تلاش کیا، موٹرویز سمیت کئی دوسرے منصوبے دھرنوں میں پیش کیے،دھرنوں کی وجہ سے چینی صدر کا دورہ پاکستان ملتوی ہوا۔
سابق وزیراعظم نے کہادھرنوں، احتجاج اور گالی گلوچ کے باوجود قوم سے کیے گئے معاہدے پورے کیے، سپریم کورٹ نے 2017 میں جب مجھے فارغ کیا اور کیوں کیا قوم جانتی ہے، پاکستان میں سب نے دیکھا اب وہ جج کسی کو منہ دکھانے کے لائق نہیں ،ساری گیم میں اور بھی کھلاڑی تھے، کچھ مسائل اسی گیم کا نتیجہ ہیں،نوازشریف نے پارٹی اراکین کو کامیابی پر مبارک باد دیتے ہوئے کہا آپ آگ کا سمندر پاک کر کے پہنچیں گے، طویل لڑائی کے بعد ایم این اے بنے،کچھ بھی ہوجائے کسی بھی الزام سے ڈرنا یا گھبرانا نہیں ،پاکستان اتنی زیادہ زخمی حالت میں پہلے نہیں دیکھا، مسائل کا حل مشکل نظر آرہا ہے مگر شہباز شریف نے 16 ماہ میں جیسی کارکردگی و ہمت دکھائی اس سے امید نظر آتی ہے اگر میں شہباز شریف کی جگہ ہوتا تو چھوڑ چکا ہوتا،متحد رہ کر مخالفین کا مقابلہ کرنا اور مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، پاکستان ڈیڑھ دو سال میں مشکلات سے نکل جائے گا اور پھر دیگر کامیابیوں کی طرف جائیں گے،24کروڑ عوام کو سکون، بجلی گیس کی قیمتوں کو کم اور روپے کو ٹھیک کرنا ہے، ایجنڈے سے چلیں گے تو سفر آسان ہوگا۔
قبل ازیں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا سیاسی و معاشی عدم استحکام بڑا مسئلہ نہیں حکومت معاشی حالات کو بہتر کرے گی،خواہش ہے ہر وزیر اعظم، ہر اسمبلی اور ہر سینٹ مدت پوری کرے۔
دریں اثنا صدر ن لیگ ونامزد وزیراعظم شہبازشریف نے کہا آزاد امیدواروں کی شمولیت سے قومی اسمبلی میں اراکین کی تعداد 104 تک جاپہنچی،کامیاب اراکین اسمبلی و سینٹ ممبران کو نواز شریف اور اپنی طرف سے دل کی اتھاہ گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں،ن لیگی اراکین اسمبلی اپنے بل بوتے پر جیتے،آزاد امیدوار غیر مشروط طور پر ن لیگ کاحصہ بنے۔
شہبازشریف نے کہا2017 میں نواز شریف نے شبانہ روز محنت سے بجلی کے اندھیرے ختم ،چاروں صوبوں کو موٹرویز سے منسلک کیا،اسلام آباد سے ڈیرہ اسماعیل کا سفر اب آسان ہے،نواز شریف نے کراچی میں امن و مان قائم کیا، پانی کے منصوبے دئیے،امن واپس لانے پر لوگ جھولیاں اٹھا کر دعا دیتے ہیں،پاکستان بھر میں عوامی منصوبوں کی تختیاں گنی جائیں تو ایک ماہ لگ جائے۔
صدر ن لیگ نے کہاشمالی علاقوں میں بھی موٹروے کے جال بچھائے، ملک میں سی پیک کے منصوبے لیکر آئے،نواز شریف نے صبر کے ساتھ مشکلات کا مقابلہ کیا، بھٹو سولی پر چڑھ گئے کسی نے جی ایچ کیو کی طرف رخ نہیں کیا،بےنظیر شہید ہو گئیں کسی نے جی ایچ کیو کی طرف دیکھا نہیں، جب نواز شریف بیمار ہوئے تو کس طرح کی غلیظ زبان استعمال کی گئی، نواز شریف نے جیل کاٹی، مریم نواز کو بھی جیل میں لے جا یا گیا،آپ پوچھیں گے 16 ماہ میں کیا کیا؟ تومیں کہوں گا پاکستان کو دیوالیہ ہونے سے بچایا۔
پنجاب میں میرٹ ،عوام کی حکمرانی ،اقتدار سے زیادہ عارضی کچھ بھی نہیں ،مریم نو از
مکہ دفاعی اتحاد کی اسلام آباد میں بڑی بیٹھک،یمن، سعودیہ کشیدگی سمیت اہم امور پر تبادلہ خیال
محبت کی اصل کہانی کا آغاز 30 سال کے بعد ہوتا ہے، پنکج ترپاٹھی
حماس سربراہ خلیل الحیہ کے بیٹے اسرائیلی حملے میں بال بال بچ گئے
مکہ معاہدہ امن و استحکام کی ضمانت ہے، پروفیسر ڈاکٹر احمد سعد الاحمد
امریکی فضائیہ کے کلاوڈ سسٹم پر سائبر حملہ، حساس ڈیٹا خطرے میں پڑ گیا
ایس ایم ایز کوقرض فراہمی کاطریقہ کار مزید آسان بنایا جائے،وزیراعظم
فضل الرحمن کے بعد ن لیگ ،پی پی سمیت سب کی باری آئےگی،علی امین گنڈا پور
چین پاکستانی مصنوعات کو ڈیوٹی فر ی رسائی دے،احسن اقبال
فضل الرحمن کو پاکستان ،طالبان میں سے ایک کا انتخاب کرنا ہوگا، عطا تارڑ



















