نیویارک (خواجہ فاروق) سفارتی نااہلی پھر بے نقاب، امریکہ میں کشمیر پر”خاموش“ تقریب، پروگرام حسب روایت چند افراد تک محدود، موبائل فون رکھ کر شرکت کی اجازت دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یکجہتی کشمیر بھرپور انداز میں منایا گیا لیکن امریکہ میں ایک بار پھر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے نام پر ڈرامہ رچایا گیا۔ قونصل جنرل نیویارک عامر خان آتو زئی نے چند مخصوص افراد اور خواتین کو مدعوکرکے”خاموشی“ تقریب سجائی۔ پروگرام میں بلائے افراد پاکستانی و کشمیری بھی نہیں تھے، قونصل خانے میں داخل ہوتے ہی دکھاوا پروگرام میں آنےوالے تمام افراد کے موبائل فون رکھ لئے گئے تاکہ کوئی تصویر اور ویڈیو نہ بناسکے۔ اوورسیز پاکستانیز اور کشمیریوں نے اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے پاکستانی سفیر سردار مسعود، قونصل جنرل عامر خان آتو زئی مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت امریکہ بھر میں اجاگر کرنے سے گریزاں ہیں۔ روزنامہ ”مشرق“ کی جانب سے مسئلہ کشمیر بار بار اٹھانے پرآنکھوں میں دھول جھونکنے کیلئے دکھاوا پروگرام کرایا، کسی صحافی، پاکستانی، کشمیری کو نہ بلانا اور موبائل فون رکھنے کامقصد نام نہاد تقریب کو منظر عام پر روکنا تھا۔ سوشل میڈیا پر بھی کوریج روکی گئی،کشمیری رہنماﺅں ڈاکٹر افضل، ڈاکٹر احسان، چودھری علی، راجہ ممتاز احمد ودیگر نے مطالبہ کیا ہے کہ نااہل سفارتکاروں نے مسئلہ کشمیر کو پس پست ڈال کر سیاسی وعسکری قیادت کی پالیسی کی دھجیاں اڑادیں،سفارتکار منافقت کی پالیسی پر چل کر کسی اور کو خوش کررہے ہیں۔ پاکستانی سفیر سردار مسعود، قونصل جنرل عامر خان آتو زئی کی نام نہاد تقریب کا فوری نوٹس لیا جائے اور نااہل سفارتکاروں کو فوری ہٹا کر کشمیر، پاکستان سے محبت رکھنے والوں کو تعینات کیا جائے۔ ورلڈ مینارٹیز الائنس کے جے سالک نے بھی پروگرام کے دوران پاکستانی امریکنز سے موبائل فون لینے کی سخت مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قونصلیٹ کا اقدام ثبوت ہے کوئی پاکستانی امریکن اپنے موبائل سے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کر سکے۔
سفارتی نااہلی پھر بے نقاب، امریکہ میں کشمیر پر ”خاموش“ تقریب ،پروگرام حسب روایت چند افراد تک محدود



















