شہریوں کو پر امن ماحول میں رائے دہی کا حق دینگے،محسن نقوی

ڈی جی خان،لاہور :(بیورورپورٹ،خبر نگار،ہیلتھ رپورٹر،کرائم رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے ڈیرہ غازی خان میں6ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح ، ای رجسٹریشن سنٹر کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔

ڈی جی خان انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ،اپ گریڈڈ تھانہ صدر،پولیس تحفظ مرکز ومیثاق سنٹر اورشہر کی3رابطہ سڑکیں شامل ہیں،محسن نقوی نے انسٹیٹیوٹ کا دورہ کرکے علاج معالجے کی سہولتوں کا جائزہ لیا ،مریضوں سے ملاقات کرکے مزاج پرسی کی۔

صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاگوجرانوالہ ایکسپریس وے ،ایس ایل تھری جلدمکمل ہوجائیں گے،ڈیرہ غازی میں ٹریفک مسائل کے حل کیلئے ٹریفک سگنل بھی نصب کئے جائیں گے،محکمہ صحت کے ڈیلی ویجرز کو تنخواہوں کی ادائیگی بلاتعطل ہو گی۔

دریں اثنا 17برس سے نامکمل عوامی منصوبہ صرف سال میں مکمل اور فنکشنل ہوگیا،محسن نقوی نے ڈاکٹر فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز جوبلی ٹان کا باضابطہ افتتاح کر دیا ،استقبالیہ کوریڈور میں ڈاکٹر فاطمہ جناح کے لگائے گئے پورٹریٹ کی رونمائی بھی کی۔

فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز پراجیکٹ کی افتتاحی تقریب سے خطاب،صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاڈینٹل انسٹی ٹیوٹ کافی عرصے زیر التوا رہا، ابتدائی لاگت 80کروڑ روپے تھی جو ساڑھے 4ارب میں مکمل ہوااب فاطمہ جناح انسٹی ٹیوٹ آف ڈینٹل سائنسز کا مقابلہ کسی بھی پرائیویٹ ہسپتال سے کریں تو مطمئن ہو کر جائیں گے،اگلے 5سے 6روز میں تمام ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن مکمل ہوجائے گی،مناواںکینسر،میو ہسپتال تیار ہے، کل یا پرسوں تک افتتاح کر دیا جائے گا،امامیہ کالونی پراجیکٹ فروری کے پہلے ہفتے میں مکمل ہوجائے گا۔

ادھر وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر 5 شہروں کے سی سی ٹی وی کیمروں کو پنجاب سیف سٹیزکےساتھ منسلک کردیا گیا ،محسن نقوی نے سیف سٹیز اتھارٹی ہیڈکوارٹر قربان لائنزکا دورہ کیا اور سیف سٹیز کی ویڈیو وال سے راولپنڈی، فیصل آباد،گوجرانوالہ میں لگائے گئے کیمروں کی مانیٹرنگ نظام کا جائزہ لیا ، 5 بڑے شہروں گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، قصور اور ننکانہ کی مانیٹرنگ اب لاہور سے بھی ہوسکے ۔

علاوہ ازیںقربان لائنز میں پولیس کی رہائشگاہوں کی تعمیر کے منصوبے نے بھی سپیڈ پکڑ لی ،پراجیکٹ فنشنگ سٹیج پر آگیا، وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے رات گئے پولیس کے اپارٹمنٹس کا دورہ کرکے فنشنگ ورک کا معائنہ کیا ،مزید برآںپرامن ماحول میں منصفانہ و آزادانہ انتخابات کےلئے وزیر اعلیٰ پنجاب نے ڈویژنل میٹنگز کا سلسلہ شروع کر دیا ،کمشنر آفس ڈی جی خان میں اہم اجلاس ہوا،محسن نقوی نے کہا شہریوں کو پر امن ماحول میں حق رائے دہی کا حق دیں گے،تمام سیاسی جماعتوں ،آزاد امیدواروں کو الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے تحت انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے۔