پوسٹل بیلٹ پیپرز کی فراہمی شروع،ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر متعدد امیدواروں کو نوٹس

اسلام آباد (بیورورپورٹ)عام انتخابات کےلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کی فراہمی کا عمل شروع کر دیاگیا،پوسٹل بیلٹ پیپر سے اہل افراد22جنوری تک اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کا عمل مکمل کریں گے۔

پوسٹل بیلٹ کےلئے درخواست فارم الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے ڈاﺅن لوڈ کیا جا سکتا ہے،پوسٹل بیلٹ حاصل کرنے پر ووٹر اپنے ووٹ کو مقررہ وقت کے مطابق ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر کو بھجوائے گا۔

دریں اثنا الیکشن کمیشن نے پنجاب میں سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کا آغاز کر دیا ،صوبائی الیکشن کمشنر اعجاز انور نے کہا تربیتی سیشن 27جنوری تک جاری رہیں گے،سکیورٹی اہلکاروں کی تربیت کےلئے 726 ماسٹر ٹرینرز کو تربیت دی جائے گی، تمام ریجنل الیکشن کمشنر ز ،ضلعی الیکشن کمشنرزاحسن طریقے سے ٹریننگ سرانجام دیں۔

دوسری جانب الیکشن ایکٹ کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پرمختلف اضلاع کے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسروں نے متعدد امیدواروں کو نوٹس ، وارننگ جاری کردیں،امیدواروں میں حامد علی بھٹی،احمد چٹھہ،نوشیر مان ،دانیال عزیز ودیگر شامل ہیں،امیدواروں نے جہلم، راولپنڈی، اسلام آباد،سرگودھا، بھکر سے پینا فلیکس و دیگر تشہیری مواد ہٹا دیا،الیکشن کمشنر پنجاب اعجاز انور چوہان نے کہا چینوٹ، فیصل آباد ، قصور، لاہور اور ملتان سے بھی پینا فلیکس ہورڈنگزاتروادیئے گئے ، ضابطہ اخلاق پر عمل درآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائےگا۔