انتخابی اخراجات کاتخمینہ 49ارب سے متجاوز،ایک لاکھ 68 ہزار سکیورٹی اہلکاروں کی قلت

اسلام آباد،لاہور:(بیورورپورٹ،کرائم رپورٹر)انتخابی اخراجات کاتخمینہ 49ارب سے متجاوزکر گیا،الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلئے وفاقی حکومت سے 47ارب کی ڈیمانڈ کی تھی جو مرحلہ وار الیکشن کمیشن کو فراہم کی جارہی ہے۔

ملک میں سکیورٹی خدشات اور سرحدی صورتحال کے پیش نظر پولیس، رینجرز ، فوج و دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے الیکشن کمیشن سے مزید ساڑھے 3ارب کی ڈیمانڈ کردی۔

دوسری جانب عام انتخابات میں امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے ،پولنگ سٹیشنز پر ڈیوٹی کیلئے ایک لاکھ 67 ہزار733 اہلکاروں کی قلت کا سامنا ہے،ملک بھر میںالیکشن ڈیوٹی کیلئے 5 لاکھ 35 ہزار402 سکیورٹی اہلکاروں کی ضرورت ہے۔

پنجاب ،سندھ،بلوچستان،خیبر پختونخوا،اسلام آباد کیلئے پولنگ ڈے پر3لاکھ 67 ہزار 669 سکیورٹی اہلکار موجود ہیں،اسلام آباد 4500، پنجاب ایک لاکھ 30 ہزار سکیورٹی اہلکار پولنگ ڈے پر دستیاب ہیں،سندھ ایک لاکھ 5 ہزار، کے پی کے 89 ہزار 959 اور بلوچستان میں 38 ہزار 210 سکیورٹی اہلکار ہیں،چاروں صوبوں نے سکیورٹی اہلکاروں کی کمی سے وفاقی حکومت کو آگاہ کردیا۔