امریکی و برطانوی فورسز نے بحیرہ احمر میں21ڈرونز مار گرائے
واشنگٹن (مشرق نیوز) امریکہ و برطانیہ کی فورسز نے بحیرہ احمر میں فائر کئے گئے 21 ڈرونز کو مار گرایا ہے،غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق حوثیوں کے ڈرونز اور میزائل حملے میں کسی جہاز کو نقصان نہیں پہنچا ہے،یمن کے حوثی باغیوں کی طرف سے اسرائیل پر ڈرونز سے حملے کی اب تک 21 کوششیں ہو چکی ہیں۔امریکی فوج کے مطابق امریکی اور برطانوی نیوی نے حوثی باغیوں کے ڈرونز اور میزائل مار گرائے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے بحیرہ احمر سمیت مختلف سمندری راستوں پر متعدد بحری جہازوں پر حملوں کے واقعات سامنے آئے ہیں۔ان حملوں میں یمن کے حوثی باغیوں نے مختلف بحری جہازوں کو نشانہ بنایا ہے، جن میں اسرائیل، امریکہ سمیت مختلف ممالک کے بحری جہاز شامل ہیں۔یمن کے حوثیوں کا کہنا تھا کہ امریکہ پوری دنیا کو متحرک کر لے پھر بھی بحیرہ احمر میں جہازوں پر حملے جاری رہیں گے۔حوثیوں کا کہنا تھا کہ وہ غزہ کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے بحیرہ احمر میں اسرائیل جانے والے تمام جہازوں کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند نہیں کریں گے۔دوسری جانب امریکہ نے بحیرہ احمر میں عالمی شپنگ لین کے تحفظ کیلئے کثیرالقومی نیول ٹاسک فورس قائم کی ہے۔



















