کراچی (بیورورپورٹ)سابق وزیراعظم وصدر ن لیگ شہبازشریف نے پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے کو الیکشن کمیشن پر حملے کے مترادف قراردےدیا۔
کراچی کے نجی ہوٹل میں پارٹی عہدیداروں اور شمولیت کرنے والوں سے گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا پارٹی میں شمولیت اختیار کرنےوالوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آپ لوگ ن لیگ فیملی کا حصہ بن گئے ، ترقی و خوشحالی کے سفرمیں سب کو ساتھ لیکرچلیں گے،الیکشن کی آمد آمد ہے، ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، انتخابات میں کامیابی کےلئے بھرپور محنت کریں گے، ن لیگ دوبارہ سندھ میں اچھی طاقتور جماعت بننے جارہی ہے، یقین دلاتا ہوں آپ کے اعتماد پر پورا اتریں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی باضابطگیوں کےخلاف فیصلہ دیا ، ہائی کورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن پر حملے کے مترادف ہے، حکم امتناع جاری کر کے ادارے کے اختیار پر حملہ کیاگیا، 2018 میں آر ٹی ایس کے ذریعے مینڈیٹ چھینا گیا ، پشاورہائیکورٹ ایک صوبے کی ہائیکورٹ ہے، پشاور ہائیکورٹ کس طرح پورے ملک کا فیصلہ دے سکتی ہے، انصاف کا تقاضا تھا جج صاحب عزیزداری کی بنا پر بنچ سے الگ ہوجاتے ایسے جج کی تعیناتی ہوتی جن کا کسی امیدوار سے تعلق نہ ہوتا۔
شہبازشریف نے کہابہت حساس نوعیت کا معاملہ ،فیصلہ سوالیہ نشان ہے، الیکشن کےلئے پوری طرح تیار ہیں،2018 سے سبق حاصل کرنا چاہئے، پوری قوم عدلیہ سے انصاف پرمبنی فیصلوں کی توقع کرتی ہے ایسے فیصلوں سے طرف داری کی بو آتی ، محسوس ہوتا ہے ترازو کولاڈلے کی طرف جھکایا جارہا ہے۔
سابق وزیراعظم نے کہا 4سال معیشت تباہ، ملک کو نقصان پہنچایا گیا، دوست ممالک سے تعلقات خراب کیے گئے،16ماہ ملک کو دیوالیہ ہونے سے بچایا اگر ملک دیوالیہ ہو جاتا تو ملک میں پٹرول، ڈیزل ،ادویات نہ ملتیں،عالمی ادارے پاکستان کا بائیکاٹ کر جاتے، پاکستان دیوالیہ ہو جاتا تو لوگ میری قبر پر بھی کتبے لگاتے،شکر ہے ریاست بچ گئی، سیاست بھی بچ جائے گی، الیکشن میں جا رہے ہیں لاڈلہ وہ جس کو عدالت عظمیٰ میںگڈ ٹو سی یو اور وش یو گڈ لک کہا جاتاہے،9مئی کی غداری میں ملوث شخص کو سہولتیں دینا لمحہ فکریہ ہے،فیصلوں پر دلجمعی کےساتھ بولنا اور بھرپور طریقے سے آواز اٹھانی چاہیے۔
پشاور ہائیکورٹ کا فیصلہ الیکشن کمیشن پر حملہ،ترازو لاڈلے کی جانب جارہا ہے،شہباز



















