سانحہ اے پی ایس، جرنلسٹ انڈیپنڈنٹ فورم کے زیراہتمام تقریب

نیویارک (بیورو رپورٹ) سانحہ اے پی ایس پشاور میں شہید ہونے والے بچوں، اساتذہ کی یاد میں جرنلسٹ انڈیپنڈنٹ فورم کے زیراہتمام بروکلین نیویارک میں تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ممتاز شخصیات اور صحافیوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر شہداءکو زبردست خراج عقیدت پیش کرنے کےساتھ فاتحہ خوانی کی گئی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین فورتھ پلر فاروق مرزا، ممتاز کشمیری رہنما و سینئر صحافی خواجہ فاروق، ملک کامران، مشتاق کمبوہ، سید زاہد شہباز، مس انیلہ، مس آسیہ، جہانزیب تارڑ، چودھری افتخار تارڑ، ملک یوسف، خالد قریشی و دیگر نے کہا کہ 16 دسمبر ملکی تاریخ کا سیاہ ترین دن ہے۔ شہید بچوں، اساتذہ اور سکیورٹی اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جانے دیں گے، دہشت گردی کے خاتمے اور ملکی ترقی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ خواجہ فاروق نے مسئلہ کشمیر کو بھی اجاگر کرتے ہوئے کہا حکمرانوں کی کشمیر پر بیان بازی صرف دکھاوا ہے، قوم کے جذبات کو ٹھنڈا کرنے کیلئے سب ڈرامہ کیا جاتا ہے، کوئی بھی مظلوم کشمیری بہن بھائیوں سے مخلص نہیں، بھارتی سپریم کورٹ کے متعصبانہ فیصلے کے بعد امریکہ میں سفارتی سطح پر کوئی احتجاج سامنے آیا نہ ہی کہیں مظاہرہ کیا گیا۔ اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم، پاکستانی سفیر سردار مسعود خان اور قونصل جنرل نیویا رک عامر اتوزئی نے مسئلہ کشمیر کو پس پشت ڈال دیا۔ قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قراردیا تھا لیکن حکمرانوں و سفارتی عملے نے قائد کی پالیسی کو بھلا دیا۔ خواجہ فاروق نے مزید کہا دعاگو ہیں حکمران پاکستان کو قائد و اقبال کے ویژن کے مطابق چلانے کی کوشش کریں۔ ملک و قوم کی ترقی کیلئے سب کو ملکر کام کرنا ہوگا۔ بانی پی ٹی آئی عمران خان کیخلاف عالمی طاقتیں ملوث ہیں۔ آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر سب کچھ بھلا کر آگے بڑھیں، امن کیلئے سب کو متحد کریں، انصاف اور جمہوریت نہیں ہوگی تو ملک کو نقصان ہوگا، تقریب کے آخر میںسماجی خدمات پر مشتاق کمبوہ کو خصوصی سرٹیفکیٹ سے نوازا گیا۔