اسرائیلی بربریت ،حملے،خیموں پر بلڈوز رچڑھادئیے،درجنوں فلسطینی شہید

غزہ(مشر ق نیوز)اسرائیلی بربریت نہ رکی،جبالیہ، خان یونس سمیت کئی علاقوں پر حملے کرکے مزید درجنوںفلسطینیوں کو شہید کردیاجبکہ کمال عدوان ہسپتال میں بے گھر فلسطینیوں کے خیموں پر بلڈوزر چڑھا دئیے۔

فرانسیسی وزارت خارجہ نے اسرائیلی افواج کی جانب سے رہائشی عمارتوں کو نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے رفح میں اسرائیلی بمباری سے فرانس کا اہلکار بھی مارا گیا،ادھر امریکہ نے بحیرہ احمر میں حوثیوں کے 14 ڈرون مار گرائے۔

خان یونس میں اسرائیلی حملے میں شہید الجزیرہ ٹی وی کے کیمرا مین کی تدفین کردی گئی، حملے میں زخمی ہونے والے الجزیرہ کے بیورو چیف نے مشکل ترین حالات میں بھی اپنا کام جاری رکھنے کا عزم کا اظہار کردیا۔

دوسری جانب اسرائیلی جارحیت کے جواب میں فلسطینی مزاحمتی فورسز کی جانب سے غزہ کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج پر راکٹوں، مارٹر گولوں اور سنائپر رائفلز سے حملے کیے گئے، حماس کے جوابی حملوں میں متعدد فوجی مارے گئے،القسام بریگیڈز نے وسطی غزہ کے علاقے میں اسرائیلی فوجیوں کونشانہ بنانے کی ویڈیو جاری کردی، القسام مجاہدین نے اسرائیلی فوجیوں کے خیمے میں گھس کر ہلاک کیا۔

دریں اثناقطری حکام نے تصدیق کردی غزہ میں نئی عارضی جنگ بندی کیلئے اسرائیل، قطر اور مصری حکام کے درمیان بات چیت کا آغاز کردیا گیا ، دوبارہ جنگ بندی کیلئے اسرائیلی سفارت کار کی قطر ی وزیراعظم سے ملاقات ہوئی ۔

مزید برآں عالمی دباو کے بعد اسرائیل نے رفح کراسنگ کے علاوہ کرم شیلونگ کراسنگ بھی غزہ میں امداد بھیجنے کیلئے کھول دی ۔

دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی مظالم کےخلاف دنیا بھر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ جاری ہے،شمالی لندن میں احتجاجی ریلی کے دوران مظاہرین اسرائیلی سفیر کے گھر کے سامنے جاپہنچے ،فلسطین آزاد کرو اور غزہ میں جنگ بند کرو کے نعرے لگائے۔

سوئیڈن میں فلسطین کے حق میں احتجاج کیا گیا ،سٹاک ہوم میں فلسطینی پرچم تھامے سینکڑوں افراد نے جنگ بندی کا مطالبہ کیا ،سپین میں بچوں ،بڑوں کی بڑی تعداد نے پارلیمنٹ کے سامنے مظاہرہ کیا اور اسرائیلی فوج کی سفاکیت کا شکار غزہ کے بچوں سے اظہار یکجہتی کیا۔