اسلام آباد (بیورو رپورٹ) مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ ایک شخص کہتا ہے سائفر کیس میں جنرل باجوہ اور امریکی نمائندے کو بلواﺅنگا، اچھا موقع پر جنرل باجوہ عدالت جائیں، پورے پاکستان سے شخصیات کا مسلم لیگ (ن) میں شامل ہونا اور متعدد جماعتوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا مسلم لیگ (ن) کی روایت مقبولیت کا ثبوت ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اسی عدل کی عمارت سے انصاف ہوگا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔ انہوںنے کہاکہ ایک شخص کہتا ہے سائفر کیس میں جنرل باجوہ اور امریکی نمائندے کو بلواﺅں گا۔ انہوںنے کہاکہ میں سمجھتا ہوں یہ بڑا اچھا موقع ہے کہ جنرل باجوہ عدالت جائیں ۔ انہوںنے کہاکہ جنرل باجوہ عدالت میں جا کر بتائیں عمران خان کو کس طرح لایا گیا تھا۔ انہوںنے کہاکہ جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ قوم کو بتائیں کہ کس طرح نواز شریف کو مانیٹرنگ جج بٹھا کر سزا دلوائی گئی ۔ انہوںنے کہاکہ یہ ایک نادر موقع ہے کہ جنرل باجوہ عدالت کو جا کر سچ بتائیں تاکہ عمران خان کی اصلیت قوم کے سامنے لائی جا سکے۔ انہوںنے کہاکہ بلاول جو لاڈلے کا الزام لگا رہے ہیں، وہ زرداری صاحب کی ہدایت کو یاد رکھیں کہ بلاول ابھی ناتجربہ کار ہے ۔ انہوںنے کہاکہ بلاول اندرون سندھ کی فکر کریں جو ان کے ہاتھ سے نکلا جا رہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پورے پاکستان سے شخصیات کا ن میں شامل ہونا اور متعدد جماعتوں کی سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرنا ن لیگ کی روایت مقبولیت کا ثبوت ہے۔
باجوہ کے پاس اچھا موقع، عدالت جاکر بتائیں عمران کو کس طرح لایا گیا:جاوید لطیف



















