اسلام آباد (بیورورپورٹ)چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ہیں انتخابی شیڈول سے عدالت کا کچھ لینا دینا نہیں۔
ہائیکورٹ میں انتخابی شیڈول جاری کرنے سے روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عامر فاروق نے شہری کی درخواست پر سماعت کی،جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے ہائی کورٹ کا تو کچھ لینا دینا نہیں، الیکشن ایکٹ پڑھیں، کیا لکھا ہے، الیکٹورل لسٹ کس کی ذمہ داری ہے، آپ الیکشن کمیشن سے رجوع کریں۔
عدالت نے پٹیشنر کو الیکشن کمیشن میں دی گئی درخواست کو ریکارڈ پر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ووٹرلسٹ بنانا اور سکروٹنی کرنا الیکشن کمیشن کا کام ہے، کیا درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے رجوع کیا ؟،درخواست گزار کے وکیل نے دستاویزات جمع کرانے کیلئے مہلت مانگ لی۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے آپ آگئے ہیں پورے پاکستان کا ریکارڈ کھول کر بیٹھ جائیں، ایسا تو نہیں ہو سکتا پورے پاکستان کا ریکارڈ کھول کر بیٹھ جائیں، سوال کا جواب دیں انتخابی فہرستوں کی درستگی کس کا کام ہے بعدازاں عدالت نے الیکشن کمیشن میں دی گئی درخواست کو ریکارڈ پر لانے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت تک کیلئے ملتوی کر دی۔
انتخابی شیڈول سے کچھ لینا دینا نہیں: جسٹس عامر فاروق



















