عمران کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عدالت نے سابق وزیراعظم عمران خان کیخلاف توشہ خانہ فوجداری کیس کا فیصلہ فوری معطل کرنے کی استدعا مسترد کر دی۔

اسلام آباد ہائیکورٹ میں سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل لطیف کھوسہ نے دلائل دئیے5 اگست کو ٹرائل کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں سزا سنائی، الیکشن کمیشن کو اتنی جلدی تھی 8 اگست کو نااہلی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، الیکشن کمیشن نے 5 سال کےلئے نااہل قرار دینے کا نوٹی فکیشن جاری کیا،لطیف کھوسہ نے کہا جس آرڈر کی بنیاد پر الیکشن کمیشن نے نوٹی فکیشن جاری کیا وہ معطل ہو چکا، فیصلہ معطل نہ ہوا تو چیئرمین پی ٹی آئی کے بنیادی حقوق متاثر ہوں گے، چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل نہ ہوئی تو سیاسی جماعت متاثر ہو گی، نتائج انتہائی تباہ کن ہیں۔

لطیف کھوسہ نے مختلف عدالتی فیصلوں کے حوالے دیتے ہوئے کہاٹرائل کورٹ کے فیصلے کے تناظر میں ہونےوالی کارروائی نہ روکی گئی تو انتخابات متاثر ہوسکتے ہیں، انتخابات کے عمل پر ہونےوالے اثرات کا ریاست پر بھی اثر ہوسکتا ہے،عدالت توشہ خانہ کیس میں سزا کےساتھ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ بھی معطل کرے،الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز نے تیاری کیلئے وقت مانگ لیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا لطیف کھوسہ عدالتی فیصلے پر نظرثانی چاہتے ہیں، امجد پرویز نے کہاعدالت کے فیصلے میں کوئی غلطی نہیں تھی، نظرثانی تب ہو سکتی ہے جب عدالتی فیصلے میں کوئی غلطی ہو، لطیف کھوسہ نے کہا سیدھی طرح کہیں چیئرمین پی ٹی آئی کو باہر رکھ کر یک طرفہ الیکشن چاہتے ہیں۔

عدالت نے الیکشن کمیشن کے وکیل کو جلد عدالتی نظیروں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی، لطیف کھوسہ نے کہا فوری فیصلہ کر دےں،چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے الیکشن کمیشن کے وکیل تفصیلات دیں تو پھر دیکھ کر آرڈر پاس کرینگے۔

دریں اثنا چیئرمین پی ٹی آئی نے 190 ملین پاو¿نڈز کرپشن کیس میں درخواست ضمانت بعد از گرفتاری دائر کردی ،جج احتساب عدالت بشیر نے نوٹسز جاری کردئیے،درخواست میں موقف اختیار کیا گیا درخواست گزار سابق وزیراعظم ،معروف کرکٹر رہ چکے ، چیئرمین پی ٹی آئی کےخلاف سیاسی بنیادوں پر شہرت کو نقصان پہنچایا جارہا ہے، عدالت سے استدعا ہے 190 ملین پاونڈز سکینڈل کیس کے فیصلے تک ضمانت بعد از گرفتاری منظور کی جائے۔