لاہور (اپنے رپورٹر سے)سابق وفاقی وزیر وصدر ن لیگ پنجاب رانا ثنا نے کہاہے نوازشریف کیخلاف ماضی کے غلط فیصلے عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں۔
ماڈل ٹاون میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا نے کہانواز شریف کو 7 سال بعد ایون فیلڈ ریفرنس میں انصاف ملا، العزیزیہ ریفرنس بھی فراڈ ہے ،جج ارشد ملک مرحوم کیخلاف فیصلہ آ چکا ، العزیزیہ کا فیصلہ برقرار نہیں رہنا چاہیے،ازخود نوٹس کے تحت العزیزیہ ریفرنس مکمل ختم ہو جانا چاہیے، ماضی میں نواز شریف کیخلاف فیصلے غلط عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں، فیصلوں کو جتنی جلدی ختم کر دیا جائے وہ عدلیہ کے لیے باعث عزت ہو گا۔
رانا ثنا نے کہاعدالتوں نے فیصلہ قانون کے مطابق کرنا ہے عدالتی تشریح کے مطابق نہیں اور قانون اس وقت موجود ہے، 62 ون ایف کے تحت عدالتی تشریح کے بعد پارلیمان نیا قانون بنا چکی جس کو کہیں چیلنج نہیں کیا گیا،چیئرمین پی ٹی آئی کیساتھ آج جو کچھ ہو رہا ہے وہ مکافات عمل ہے جس فیصلے کے تحت نواز شریف کو پارٹی صدارت سے الگ کیا گیا وہی فیصلہ چیئرمین پی ٹی آئی کے آڑے آ رہا ہے،رانا ثنا نے کہالائحہ عمل طے کر لیا ، نواز شریف ہر ڈویژن کے پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں ہر امیدوار سے خود ملاقات کرینگے، ہر ڈویژن کی میٹنگ کے بعد پارٹی امیدواروں کے ناموں کا اعلان کیا جائےگا۔
نوازشریف کیخلاف غلط فیصلے عدلیہ کے ماتھے پر داغ ہیں،رانا ثنا



















