صہیونی فوج غزہ کے قلب میں داخل،انسانی امداد پر بھی حملے،اسرائیل بھوکا مار رہاہے،بچے

غزہ،تل ابیب،واشنگٹن،ٹوکیو(مشرق نیوز،بیورورپورٹ)اسرائیلی فوج غزہ کے قلب میں داخل،انسانی امداد پر بھی حملے شروع،شہدا کی تعدادساڑھے10ہزار سے متجاوز،فلسطینی پانی،خوراک،طبی سہولیات کو ترس گئے،اسرائیل بھوکا مار رہاہے،بچوں کی دل دہلا دینے والی پریس کانفرنس ،حماس کاجوابی وار،اسرائیلی وزیراعظم کابھتیجا بھی مارا گیا،بیلجیم نے صہیونی ریاست پراقتصادی پابندیاں لگانے کامطالبہ کردیا،اٹلی کاہسپتال پر مبنی بحری جہاز غزہ بھیجنے کااعلان،جی 20اجلاس کی انسانی بنیادوں پر جنگ ختم کرنے کی حمایت،امریکہ نے واضح کردیا اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کرسکتا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے غزہ میں انسانی امداد کو بھی حملے شروع کردئیے،ادویات سے بھرے انٹرنیشنل کمیٹی آف دی ریڈ کراس کے 5 امدادی ٹرکوں اور 2 گاڑیوں کو نشانہ بنایا،حملے میں 2 گاڑیوں کو شدید نقصان پہنچا۔

ادھر غزہ پر ایک ماہ سے جاری اسرائیلی جارحیت میں شہید فلسطینیوں کی تعداد ساڑھے10 ہزار سے متجاوز کرگئی ،بڑی تعداد خواتین اور بچوں کی بھی شامل ہے۔

بمباری کا شکار غزہ کے معصوم بچوں نے پریس کانفرنس کرکے دنیا کا ضمیر جھنجھوڑنے کی کوشش کرتے ہوئے کہا اسرائیل بھوکا مار رہا ہے،بچوں نے کہا7 اکتوبر سے اسرائیل نسل کشی پر تلا ہے،بہت بار موت کے منہ میں جانے سے بچے ہیں،ننھے منے بچوں نے پریس کانفرنس کا اختتام امن، زندگی، تعلیم، علاج اور کھانے کےساتھ اسرائیل سے بدلے کے مطالبہ کرتے ہوئے کیا۔

جبکہ غیر ملکی خبر ایجنسی نے دعویٰ کیا حماس کے حملے میں اسرائیلی وزیر اعظم بنیامین نیتن یاہو کا بھتیجا بھی مارا گیا ،مرنے والا یائیر نیتن یاہو اسرائیلی فوج میں کیپٹن اورینجرس سنائپر کے نام سے جانا جاتا تھا۔

دریں اثنا اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے کہا فوج غزہ کے قلب میں داخل ہوچکی اور حماس کےخلاف کارروائی کر رہی ہے،نیتن یاہو نے سرکاری ٹی وی پر نشر ہونے والی تقریر میں کہاجنگ بندی حماس کے خاتمے اور یرغمالیوں کی رہائی سے مشروط ہے،حماس کی طرف سے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی تک غزہ میں جنگ بندی یا ایندھن کی ترسیل نہیں ہوگی ،حملے جاری رکھیں گے۔

مزید برآںG7 ممالک کے وزرائے خارجہ نے اسرائیل ،حماس کے درمیان جاری جنگ کو انسانی بنیادوں پر ختم کرنے کی حمایت کردی،وزرائے خارجہ نے اجلاس کے بعد مشترکہ بیان میں کہا غزہ میں بگڑتے انسانی بحران سے نمٹنے کےلئے ہنگامی کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہیں۔

اجلاس کے بعد امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا واضح ہے اسرائیل غزہ پر قبضہ نہیں کر سکتا،ابھی یا جنگ کے بعد غزہ سے فلسطینیوں کی زبردستی نقل مکانی نہیں ہونی چاہیے،انٹونی بلنکن نے غزہ میں فوری جنگ بندی کے امکان کو پھر مسترد کرتے ہوئے کہا ابھی مناسب وقت نہیں آیا ،وقت سے پہلے سیز فائر کیا تو حماس مزید مضبوط ہوجائے گی، غزہ میں حماس کی حکومت ہوگی نہ ہی اسرائیل علاقے کا انتظام سنبھالے گا بلکہ موجودہ جنگ کے خاتمے کے بعد عبوری حکومت بن سکتی ہے جس کی مدت فلسطینی ریاست کے قیام تک ہوگی۔

مزید برآںیورپی ملک اٹلی نے غزہ کے زخمی شہریوں کے علاج کےلئےہسپتال پر مبنی بحری جہاز غزہ بھیجنے کااعلان کردیا،اٹلی کے وزیر دفاع نے کہابحری جہاز میں 170 افراد کا عملہ موجود ہوگا،فیلڈ سپتال بھی غزہ بھیجنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔