ڈی آئی خان(بیورورپورٹ)پیپلز پارٹی نے کہاہے الیکشن کمیشن نے شیڈول دیا نہ تاریخ،صرف جنوری کامہینہ بتانا کافی نہیں۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے کہا اتحادی جماعتوں کی خواہش و مشاورت کا احترام کرتے ہوئے 90 روز کے اندر الیکشن پر اتفاق کیا مگر آئینی تقاضے کو پورا نہیں کیا جا رہا،پیپلز پارٹی کا ہمیشہ سے اصولی موقف رہا ہے آئین کے مطابق انتخابات کرائے جائیں، 60 روز میں الیکشن کرانے پر بھی آمادگی ظاہر کی، الیکشن شیڈول و تاریخ کا باقاعدہ اعلان ہی آئینی طریقہ کار کا حصہ ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا پنجاب میں ن لیگ کے ساتھیوں کی پسند نا پسند پر تعیناتیاں بھی شفاف انتخابات پر خدشات پیدا کرتی ہیں، متعدد امور پر پیپلز پارٹی کے خدشات و تحفظات ہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی نے مزید کہا پنجاب ،خیبرپختونخوا میں نگران سیٹ اپ میں ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، تعیناتیاں بھی ہو رہی ہیں، عوامی حقوق کے امور کی مخالفت نہیں کرتے مگر سندھ میں ترقیاتی کام بند کرنا ناانصافی ہے۔
الیکشن کمیشن نے شیڈول دیا نہ تاریخ،صرف مہینہ بتانا کافی نہیں،پیپلز پارٹی



















