اسلام آباد،راولپنڈی ،کراچی،پشاور،لاہور(بیورورپورٹ،کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد اہم پیشرفت،سیاستدانوںکے بحال کرپشن ریفرنسز کاریکارڈ احتساب عدالتوں میں پہنچادیا گیا۔
اہم کیسز کا ریکارڈ نیب گاڑیوں میں بھر کر اسلام آباد جوڈیشل کمپلیکس لایا گیا،رجسٹرار آفس نے مقدمات کی فہرست احتساب عدالت کو بھجوا دی، جج بشیر نے کہا آج تو ٹرک بھر کر نیب کیسز کا ریکارڈ آرہا ہے،احتساب عدالت نمبر 2 اور 3کے سٹاف کو واپس ڈیوٹی پر بلا لیا گیا ،احتساب عدالت نمبر 2 ، 3کے ججز بھی تعینات کئے جائینگے۔
عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے کہا پرائیویٹ و پبلک آفس ہولڈرز ، سرکاری ملازمین کے کیسز کی نوعیت سے آگاہ کریں، آپ نے بتانا ہے کون سا کیس سن سکتے ہیں اور کون سا دائرہ اختیار میں نہیں آتا ؟،نیب پراسیکیوٹر سردار مظفر عباسی نے جواب دیا تمام کیسز کا ریکارڈ عدالت میں پیش کریں گے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد یقینی بنانا ہے،احتساب عدالت نے رجسٹرار کو ریکارڈ کا جائزہ لینے کی ہدایت کردی۔
راولپنڈی کی احتساب عدالتوں میں بھی 22 کرپشن ریفرنس بحال کرنے کی درخواست دائر کردی گئی،پراسیکیوٹر نیب نے درخواست میں کہا سپریم کورٹ نے نیب قوانین ترامیم کالعدم قرار دے دیں لہٰذا 22 کرپشن کیسز ری اوپن کئے جائیں، چاروں احتساب عدالتوں کے کیسز بحال کیے جائیں،احتساب عدالت کے جج راجہ قمر درخواست پر سماعت کریں گے،سا بق سیکرٹری قانون، ایم این اے لال بند کیس، مضاربہ لوٹ مار،ہاوسنگ سوسائٹیز کرپشن کیس شامل ہیں۔
پراسیکیوٹر نیب نے کہا جو کیسز دیگر سول عدالتوں میں ٹرانسفر کئے گئے وہ بھی واپس منگوائے جارہے ہیں، کیس بحال ہونے پر ملزموں کی ضمانتیں منسوخ اور واپس اڈیالہ جیل جائیں گے۔
پشاور میں بھی احتساب عدالتوں میں 160 کے لگ بھگ ریفرنس واپس ہوگئے اور نیب نے پشاور میں قائم 8 احتساب عدالتوں کو ریفرنس واپس ارسال کردئیے،نیب خیبر پختونخوا نے احتساب عدالتوں کے رجسٹرار کو مراسلہ لکھ کر کہا ریفرنسز کی عدالتوں میں واپسی سپریم کورٹ کے 15 ستمبر کے فیصلے کے تحت ہو رہی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے پر 7دن کے اندر عمل درآمد کا کہا گیا۔
علاوہ ازیں کراچی کی احتساب عدالت میںسابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، حفیظ شیخ،پیپلز پارٹی کے رہنما ڈاکٹر عاصم ،سابق سٹی ناظم کراچی مصطفی کمال سمیت دیگر کےخلاف نیب ریفرنس واپس پہنچا دئیے گئے ۔
ذرائع کے مطابق عدالت کو شاہد خاقان عباسی، ڈاکٹر عاصم ،روف صدیقی سمیت دیگر افراد کے ریفرنس دوبارہ موصول ہو گئے ،سابق وزیر خزانہ حفیظ شیخ کےخلاف ریفرنس بھی عدالت کو مل گیا،حفیظ شیخ کےخلاف قومی خزانے کو 11.1 ملین ڈالر نقصان پہنچانے اور پورٹ قاسم سمیت دیگر پورٹس کیلئے سافٹ ویئر کی تیاری کی مد میں کرپشن لینے کا الزام ہے۔
ادھر احتساب عدالت نے سپریم کورٹ کے حکم پر عمل کرتے ہوئے بحال کیے گئے کیسز میں سے پہلے کیس کی سماعت کرتے ہوئے رینٹل پاور کیس میں راجہ پرویز اشرف کو طلب کرلیا،احتساب عدالت میں نیب درخواست پر رینٹل پاور کیس کی سماعت ہوئی۔
نیب پراسیکیوٹر نے کہا کیس میں ٹرائل کا دائرہ اختیار اسی عدالت کا بنتا ہے،احتساب عدالت کے جج بشیر نے نیب درخواست پر کیس میں سابق سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز کی طلبی کا سمن جاری کردیا اور کہا کیس میں فرد جرم عائد ہوچکی ہے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ فیصلے کے بعد اختیارات بحال ہونے پر قومی احتساب بیور (نیب) نے کڑے احتساب کی تیاریاں شروع کردیں،اربوں مالیت کے کرپشن ریفرنسز دوبارہ کھولنے کے بعد مزید اہم فیصلے کرلیے۔
ذرائع کے مطابق چیئرمین نیب نے کرپشن کےخلاف کارروائیوں کیلئے حساس اداروں کے افسروں کی خدمات لینے کا فیصلہ کرلیا،نیب نے اہم عہدوں پر تقرریوں کیلئے ڈیپوٹیشن پرحساس اداروں سے افسرو ں کے مانگ لیے ، حساس اداروں کے افسر آئندہ چند روز میں نیب میں کام کرنا شروع کردیں گے۔
چیئرمین نیب نذیر احمد کی منظوری سے حساس اداروں کے افسروں کی خدمات کیلئے خط لکھ دیا گیا ،نیب میں تمام خالی آسامیوں پربھی فوری تقرریاں کردی جائیں گی،ڈیپوٹیشن پرتعینات ہونےوالے انٹیلی جنس افسر و اہلکارنیب دفاترمیں فرائض سرانجام دیں گے اور نیب دفاتر میں مضبوط و مو¿ثر انٹیلی جنس سسٹم قائم کیا جائے گا ،احتساب کا عمل تیز ومو¿ ثربنانے کیلئے انٹیلی جنس افسروں و اہلکاروں سے معاونت لی جائے گی، انٹیلی جنس افسر نیب تفتیشی افسروںکی معاونت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق نیب میں ڈیپوٹیشن پر آنے والے تمام افسر اپنے سکیل و تنخواہ پر ہی کام کریں گے، افسر و اہلکار سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تمام کیسزکو چلانے میں بھی معاونت کریں گے،ڈپٹی چیئرمین نیب وپراسیکیوٹرجنرل کے عہدوں پربھی جلد مستقل افسروں کا تقررکردیا جائے گا۔
علاوہ ازیںنیب نے لاہور کی 10احتساب عدالتوں میں 118 ریفرنسز واپس جمع کرا دیئے،سابق وزیر اعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز کےخلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس بحال ہو گیا، رمضان شوگر ملز کا ریکارڈ احتساب عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
سابق وزیر سعد رفیق ،سلمان رفیق کےخلاف پیرا گون ریفرنس ، سپیکر پنجاب اسمبلی سبطین خان سمیت دیگر کیخلاف چنیوٹ میں معدنی ذخائر کے غیر قانونی ٹھیکوں ،سابق وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران سمیت دیگر کےخلاف پنجاب یونیورسٹی میں غیر قانونی بھرتیوں اور سابق ڈی جی سپورٹس عثمان انوار کےخلاف پنجاب یوتھ فیسٹیول کا ریفرنس بھی احتساب عدالت میں جمع کرا دیا گیا۔
مزید برآںاحتساب عدالت اسلام آباد میں بحال ہونے والے نیب کیسز کی لسٹ منظر عام پر آگئی ،لسٹ میں سابق وزرائے اعظم یوسف رضا گیلانی ، شوکت عزیز ،سابق صدر آصف زر داری ، سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف ، فرزانہ راجہ و دیگر شامل ہیں۔
بحال کرپشن ریفرنسز کا ریکارڈ جمع،کڑے احتساب کی تیاریاں شروع



















