انتخابی ضابطہ اخلاق مرتب،عدلیہ، نظریہ پاکستان کےخلاف گفتگو اور مہم پر پابندی

اسلام آباد(بیورورپورٹ)عدلیہ، نظریہ پاکستان کےخلاف گفتگو اور مہم پر پابندی ، الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کےلئے 88 نکات پر مشتمل مجوزہ ضابطہ اخلاق جاری کردیا۔

ضابطہ اخلاق کے مطابق صدر، وزیراعظم، وزرا ،عوامی عہدیدار انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے ،سینیٹرز و بلدیاتی نمائندے انتخابی مہم چلا سکیں گے ، ترقیاتی سکیموں کے اعلانات پر پابندی ہوگی،الیکشن کمیشن نے کہاعدلیہ، نظریہ پاکستان کےخلاف گفتگو اور مہم پر پابندی ہوگی ،سیاسی جماعتیں، امیدوار رشوت، تحائف، لالچ نہیں دیں گی ،سیاسی جماعتیں جنرل نشستوں پر 5 فیصد خواتین امیدواروں کو ٹکٹ دینے کی پابند ہوں گی،ضابطہ اخلاق کے مطابق جلسے جلوسوں و عوامی اجتماعات میں اسلحہ کی نمائش، سرکاری خزانے سے سیاسی و انتخابی مہم چلانے اور سرکاری ذرائع ابلاغ پر جانبدرانہ کوریج پر پابندی ہوگی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق سیاسی جماعتوں کو جلسوں کی اجازت انتظامیہ سے مشروط ہوگی، سرکاری وسائل کے انتخابی مہم میں استعمال پر پابندی ہوگی جبکہ کار ریلیوں، فرقہ وارانہ، لسانیت پر مبنی گفتگو،کسی شہری کے گھر کے سامنے احتجاج یا دھرنے کی اجازت نہیں ہوگی،ضابطہ اخلاق کے مطابق امیدوار ہر پولنگ بوتھ پر ایک پولنگ ایجنٹ، حلقے کےلئے 3 الیکشن ایجنٹ مقرر کرسکتا ہے، الیکشن ایجنٹ کا متعلقہ حلقے سے ہونا لازمی ہوگا جبکہ سرکاری املاک پر سیاسی جماعتوں کے پرچم لگانے پر پابندی ہوگی۔