غریب روٹی کوترس گیا،سیاسی سرمایہ داوپر لگا کر پاکستان کوبچایا، نوازشریف
لندن(مشرق نیوز)سابق وزیراعظم وقائد ن لیگ نوازشریف نے کہا ہے اپنا سیاسی سرمایہ داو پر لگا کر پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا ، قوم کو معلوم ہونا چاہیے مجرم کون ہیں،معاف نہیں کرنا چاہیے۔
گرینڈ مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف نے کہابعض نقصانات زندگی میں پورے ہوجاتے ہیں لیکن بعض کا ازالہ ممکن نہیں ہوتا، پاکستان کی تاریخ میں اتنی تلخیاں نہیں آنی چاہیے تھیں جتنی لائی گئیں،کون لوگ ہیں جنہوں نے پاکستان کا حشر کر دیا،غریب روٹی کو ترس رہا ہے، ملک کو حال تک کس نے پہنچایا ؟عوام روٹی کھائیں، بجلی کا بل ادا کریں یا دوائی خریدیں؟۔
نواز شریف نے کہا قوم کو حالت تک پہنچانے والے کردار اور چہرے سامنے ہیں، ہمارا تو ایک منٹ میں احتساب ہوتا ہے، ملک وقوم کو موجودہ حال تک پہنچانے والوں کا احتساب بھی ہوگا؟جو شخص ملک کو لوڈ شیڈنگ سے نجات دلاتا ہے، 4جج بیٹھ کر کروڑوں عوام کے مینڈیٹ والے وزیراعظم کو گھر بھیج دیتے ہیں،پیچھے جنرل باجوہ اور جنرل فیض تھے،جنرل باجوہ ،جنرل فیض کے آلہ کار ثاقب نثار اور آصف سعید کھوسہ تھے۔
قائد ن لیگ نے مزید کہا شہباز،مریم ،حمزہ سمیت مسلم لیگ(ن) کے رہنماﺅں و کارکنوں نے بغیر کسی جرم کے جیلیں ، سختیاں بھگتیں، احسن اقبال ، رانا ثنا،حنیف عباسی سمیت پارٹی رہنماﺅں و کارکنوں نے کسی جرم کے بغیر ہی ظلم برداشت کیے،بھارت چاند پر پہنچ گیا، جی 20 اجلاس کرا رہا ہے، یہ سب تو پاکستان کوکرانا چاہیے تھا،معاشی ایجنڈے کی نقل کرکے بھارت کہاں پہنچ گیا اور ہم کہاں رہ گئے ہیں؟۔
نوازشریف نے کہاملک ملک مانگ رہے ہیں تو کیا عزت رہ گئی ؟ پاکستان کا وزیراعظم دوسرے ملکوں کے سامنے ہاتھ پھیلانے پر مجبور ہوتا ہے،ملک کو تباہی کی حالت پر پہنچانے والے سب سے بڑے مجرم ہیں، 70 سال میں اتنا بڑا جرم کسی نے نہیں کیا ہو گا کروڑ عوام کے ملک کو ڈیفالٹ کے کنارے لا کر کھڑا کر دیا ،پی ڈی ایم ملک کو ڈیفالٹ سے نہ بچاتی تو ملک میں پٹرول ایک ہزار روپے لٹر ہوتا،پاکستان کے درد کی خاطر خلوص سے قربانی ہم نے دی، لکھ کر دیتا ہوں،انتخابات میں کامیاب بھی آپ ہی ہوں گے۔
سابق وزیراعظم نے کہا انتقام کی کوئی خواہش نہیں، کسی بدلے کی تمنا نہیں ، قوموں کےساتھ ایسے سلوک کی معافی خدا بھی نہیں دیتاجو قومیں خود احتسابی نہیں کرتیں وہ حالات کے رحم و کرم پر ہی رہتی ہیں، خود احتسابی کا پیغام ملک کے کونے کونے میں پہنچائیں،پاکستان کو برے دن دکھانے والوں کا احتساب ضرور ہو گا۔



















