سنکیانگ میں انسانی حقوق کی پامالی،بین الاقوامی اقدامات ناکافی ہیں:ایمنسٹی انٹرنیشنل

نیویارک (مشرق نیوز) انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے کہا ہے کہ چین کے صوبہ سنکیانگ میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے معاملے پر اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی کمیونٹی ٹھوس اقدامات لینے سے کترا رہی ہے۔ ایمنسٹی انٹرنیشنل نے افسوس کا اظہار کیا کہ سنکیانگ میں مسلمان اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک اور انسانی حقوق کی پامالیوں پر اقوام متحدہ کی حیرت انگیز رپورٹ سامنے آنے کے ایک سال بعد بھی بین الاقوامی کمیونٹی کا ردّعمل انتہائی ناکافی ہے۔رپورٹ کی ریلیز کے ایک سال مکمل ہونے کے موقع پر ایمنسٹی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق والکر ٹرک خلاف ورزیوں پر چینی حکومت کو ذمہ دار ٹھہرانے میں ناکام رہے ہیں جبکہ پچھلی سربراہ مشیل باشلے نے بھی تاخیر سے رپورٹ جاری کی تھی۔ایمنسٹی کے مطابق بیجنگ کے دباو¿ میں آ کر مشیل باشلے نے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مبنی رپورٹ تاخیر سے ریلیز کی جب ان کی مدت ختم ہونے میں چند منٹ رہ گئے تھے۔اس رپورٹ میں بیجنگ پر سخت تنقید کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر تشدد، صوابدیدی حراست اور مذہبی اور تولیدی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا گیا تھا۔