جڑانوالہ واقعہ سے پاکستان ، اسلام کو زخم لگا ،طاہر اشرفی

لاہور(نمائندہ خصوصی)چیئرمین پاکستان علما کونسل طاہر اشرفی نے کہاہے جڑانوالہ واقعہ سے پاکستان ، اسلام کو زخم لگا ،پورا ملک غمزدہ ہے۔

بشپ ندیم کامران اور آرچ بشپ سباسٹین شا کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے طاہر اشرفی نے کہامسیحی قائدین کے پاس معافی مانگنے آئے ، جڑانوالہ واقعہ پر شرمندہ ہیں، اپنی ذمہ داریاں ادا نہیں کرسکے،معافی، شرمندگی کے الفاظ چھوٹے لگ رہے ہیں، وزیراعظم، علما مشائخ کی طرف سے مسیحی قائدین سے ہاتھ جوڑ کر معافی مانگتا ہوں۔

چیئرمین پاکستان علما کونسل نے کہاپاکستان میں اکثریت مسلمانوں کی ہونے کامطلب یہ نہیں غیر مسلم یا اقلیت سے جینے کا حق چھین لیا جائے، جوزف کالونی کے مجرموں کو سزا دی گئی ہوتی تو دن نہ دیکھنا پڑتا،چیف جسٹس جڑانوالہ کیس کا ایک ماہ میں ٹرائل کریں، کیس کو لمبا نہ کیا جائے،ذمہ داروں کو قرار واقعی سزا ملنی چاہیے، حکومت جلنے والے تمام چرچز کی بحالی کیلئے اقدامات و نقصانات کا ازالہ کرے۔

بشپ ندیم کامران نے کہا واقعہ کی مکمل تحقیقات کرائی جائیں، چرچ میں مقدس کتابوں کو جلایا گیا، مسیحی قبرستانوں میں جا کر قبروں کو مسمارکیا گیا، واقعہ سے مسیحی بچوں کے ذہنوں میں پیدا خوف کون نکالے گا؟،بشپ ندیم کامران نے مزید کہا جڑانوالہ واقعہ ملک کےخلاف سازش ہے، خدا کرے ایسا واقعہ دوبارہ نہ ہو اگر کسی فرد واحد نے کام کیا تو پوری آبادی کا کوئی قصور نہیں۔

آرچ بشپ سباسٹین شا نے کہا جڑانوالہ واقعہ پلاننگ کے تحت ہوا، کوئی بھی مسیحی بے حرمتی کا سوچ بھی نہیں سکتا۔