چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی درخواست مسترد،کیس کاریکارڈ طلب

اسلام آباد (بیورورپورٹ )توشہ خانہ کیس میںچیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطلی درخواست مسترد، اسلام آباد ہائیکورٹ نے فیصلہ سنانےوالی سیشن عدالت سے کیس کا ریکارڈ طلب کر لیا۔

جسٹس عامر فاروق اور طارق جہانگیری پر مشتمل 2رکنی ڈویژن بنچ نے سماعت کی،وکیل لطیف کھوسہ نے کہا ٹرائل کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کو 3 سال قید اور ایک لاکھ جرمانے کی سزاسنائی،ٹرائل کورٹ کی جانب سے جو زیادہ سے زیادہ سزا سنائی گئی عدلیہ کا مذاق بنانے کے مترادف تھا، کبھی نہیں ہوا معاملہ ہائیکورٹ میں ہو اور فیصلہ دیا جائے، ٹرائل کورٹ نے جس جلد بازی میں سب کچھ کیا ایسا کبھی نہیں ہوا، جب تک آپ کی درخواستوں پر فیصلہ نہیں ہوتا تب تک کیس کا فیصلہ نہیں سنایا جاسکتا۔

لطیف کھوسہ نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کا حق دفاع ختم کیا گیا، حق دفاع ختم کرنے کےخلاف درخواست زیر التوا ہے، حق دفاع کا معاملہ زیر التوا ہونے کے باوجود فیصلہ دیا گیا،عدالت سے استدعا ہے اپیل پر فیصلے تک چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا معطل کی جائے۔

وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا ٹرائل کورٹ میں توشہ خانہ کیس کا روزانہ بنیاد پر ٹرائل ہوا، میرے کلرک کو ہائیکورٹ داخل ہونے سے روکا گیا، چیف جسٹس کے نام درخواست دی، ٹرائل کورٹ میں 12.15پر پہنچا ، بتایا گیا 12.30پر فیصلہ سنایا جائے گا، جج صاحب آئے تو میں روسٹرم پر تھا، میں نے درخواست دی مگر جج نے کہا فیصلہ سنانے لگا ہوں اب جب ایسی صورتحال بن گئی تو جج کو کیا کرنا چاہیے تھا؟،خواجہ حارث نے کہا جج نے مجھے مکمل نظرانداز کرتے ہوئے فیصلہ سنانا شروع کر دیا، ٹرائل جج کے آرڈر میں ہماری تو حاضری ہی نہیں لگائی گئی، جج صاحب آرڈر میں لکھ دیتے میں آیا ہوں لیکن مجھے سنا نہیں گیا اب عدالت دیکھ لے سزا معطلی کا مثالی کیس ہے یا نہیں، ٹرائل جج نے انتہائی جلد بازی میں ٹرائل چلایا، ہائیکورٹ نے 2 درخواستوں پر 7 دن میں فیصلہ کرنے کا کہا، ٹرائل جج نے تیسرے ہی دن فیصلہ کر دیا، تیسرے نہ سہی، پانچویں دن فیصلہ کر دیتے، کیا جلد بازی تھی؟ آخری دن میں سپریم کورٹ، ہائی کورٹ اور احتساب عدالت میں مصروف تھا، ساڑھے 10 بجے ٹرائل جج کو بتایا گیا میں ٹرائل کورٹ آرہا ہوں۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا خواجہ صاحب نوٹس جاری کیاہے، جواب آجائے تو پھر دیکھتے ہیں،وکیل خواجہ حارث نے کہا ایک 2گزارشات عدالت کے سامنے کرنا چاہتا ہوں، مجھے سنے بغیر فیصلہ لکھ دیا گیا تو کیا اہمیت ہے، آپ نے 6 ماہ سننے کے بعد فیصلہ کرنا ہے فیصلہ سنے بغیر دیا گیا، کسی گواہ نے نہیں کہا جو کچھ کیا گیا وہ دانستہ اور جانتے بوجھتے تھا اگر ایسا کچھ لکھا گیا تو جج صاحب نے اپنی جانب سے ہی لکھا ۔

خواجہ حارث نے سزامعطلی درخواست روزانہ کی بنیاد پر سننے کی استدعا کی تو چیف جسٹس نے کہا آج ممکن نہیں ہوگا، شاید بنچ دستیاب نہ ہو ، اگلے ہفتے کے دوران جلدی تاریخ مقرر کردیں گے، 4،5دن میں کیس سماعت کیلئے مقرر ہوجائے گا،الیکشن کمیشن کو بھی سن لیں،عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کےخلاف اپیل پر سماعت ملتوی کر دی اورنوٹس جاری کرکے ٹرائل کورٹ سے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا۔

دریں اثنااسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹک جیل سے اڈیالہ جیل منتقلی اور سہولیات کی فراہمی درخواست پر وفاقی اور پنجاب حکومت کے نمائندگان سے جمعہ تک جواب طلب کرلیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر سماعت کی،وکیل شیر افضل مروت نے دلائل دئیے عدالتی حکم کے مطابق اٹک جیل گئے لیکن ملنے کی اجازت نہیں دی گئی،چیف جسٹس نے استفسار کیا کیا جیل میں ملاقات کا کوئی وقت ہوتا ہے؟ وکیل نے بتایا 6بجے تک ملاقات کا وقت ہوتا ہے۔

وکیل شیر افضل مروت نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو 9 بائی 5کے سیل میں رکھا گیا ، مچھر ، حشرات الارض ہیں، بارش کا پانی بھی اندر گیا ہوا ہے، کوئی ایک وجہ نہیں چیئرمین پی ٹی آئی کو اٹک جیل میں رکھا جائے،ایک اور واقعہ بھی پیش آیا،وکیل کو ایف آئی اے نے بلایا اب خواجہ حارث کو بلالیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے تفتیش کے نام پر یہ نہیں ہونا چاہیے کسی کو تنگ کیا جائے، قانون میں قیدی کو جو حق دیا گیا ضرور ملنا چاہیے، ہر کسی کے حقوق ہیں، وکیل سے ملاقات کرانے سے انکار نہیں کیا جا سکتا، آپ صرف خیال رکھیں سیاسی معاملہ اور وہاں پر رش نہ بنائیں، ایک ایک، 2یا 3وکلا مل کر چلے جائیں، اسلام آباد کی اپنی جیل نہیں اس لیے قیدیوں کو اڈیالہ جیل راولپنڈی رکھا جاتا ہے، قیدیوں کو اٹک و دیگر جیل بھجوانے کا کیا طریقہ ہوتا ہے؟ شیر افضل مروت ایڈووکیٹ نے کہا حکومت کے پاس پنجاب میں کسی بھی جیل میں شفٹ کرنے کا اختیار ہوتا ہے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہانواز شریف نے کوٹ لکھپت جیل جانے کی درخواست دی جو منظور ہوئی۔

وکیل شیر افضل نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی جیل رولز کے مطابق اے کلاس کی سہولت حاصل کر سکتے ہیں، اٹک کی ڈسٹرکٹ جیل میں اے کلاس نہیں اس لیے وہاں قید تنہائی میں رکھا گیا ،چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں رکھنے کا کہا گیا مگر اٹک جیل بھجوا دیا گیا۔

چیف جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا اڈیالہ کی بجائے ڈسٹرکٹ جیل اٹک بھجوانے کا آرڈر کس نے کیا؟ ٹرائل کورٹ نے سزا دی مگر بطور قیدی حاصل حقوق سے محروم نہیں کیا جا سکتا،وکیل شیر افضل ایڈووکیٹ نے کہا صرف جیل میں اے کلاس کے حق سے محروم کرنے کےلئے عمران خان کو اٹک جیل میں رکھا گیا، چیئرمین پی ٹی آئی کو گھر کا کھانا فراہم کرنے کی اجازت دینے کا بھی آرڈر کیا جائے،اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا قیدی کی جیل منتقلی کا فیصلہ کون کرتا ہے؟ پوچھ کر بتائیں،بعدازاںعدالت نے نوٹس جاری کرکے سماعت 11 اگست تک ملتوی کر دی۔