توشہ خانہ کیس پر فوری حکم امتناع نہ ملا،مقدمات منتقلی کی درخواستیں بھی مسترد

اسلام آباد(بیورورپورٹ)چیئرمین پی ٹی آئی کوتوشہ خانہ فوجداری کیس پر فوری حکم امتناع نہ ملا،مقدمات منتقلی کی درخواستیں بھی مسترد کردی گئیں۔

اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ سے متعلقہ تمام کیسز آئندہ ہفتے سماعت کیلئے مقرر کردئیے،چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے احکامات جاری کیے۔

قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ نے توشہ خانہ فوجداری کیس قابل سماعت قرار دینے کے فیصلے کےخلاف درخواست پر سماعت کی،چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا توشہ خانہ کیس قابل سماعت ہونے کےخلاف اپیل اور ٹرانسفر درخواستوں کو سپریم کورٹ نے سننے کا کہا۔


چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دئیے سپریم کورٹ کا آرڈر آ جائے تو دیکھ لیتے ہیں،خواجہ حارث نے کہاملزم کی غیر موجودگی میں گواہوں کے بیانات پر جرح ہوئی، ٹرائل حتمی مرحلے میں ہے جب تک فیصلہ نہیں ہوتا ٹرائل پر سٹے دیا جائے، ٹرائل کورٹ نے کہا ناقابل ضمانت وارنٹ نکال دیں گے۔

دریں اثناجسٹس عامر فاروق نے چیئرمین پی ٹی آئی کی 6 مقدمات دوسری عدالت منتقلی کی درخواستیں مسترد کردیں،اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست پر محفوظ شدہ فیصلہ سنایا، فیصلے کے مطابق بشریٰ کی جعلسازی کا مقدمہ دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست بھی مسترد کردی گئی۔

علاوہ ازیںچیئرمین پی ٹی آئی نے حاضری سے استثنیٰ درخواست دائر کر دی سماعت کے موقع پر جج ہمایوں دلاور نے کہا اب تک توشہ خانہ کیس کی 37 سماعتیں ہو چکیں، چیئرمین پی ٹی آئی صرف 3 بارپیش ہوئے،جج نے کہا ایک بار چیئرمین پی ٹی آئی گرفتار تھے دوسری بار عدالت سے باہر حاضری مارک ہوئی، وکلا کا کام صرف استثنیٰ درخواستیں دائر کرنا ہے۔

وکیل گوہر علی خان نے کہا آخری بار درخواست استثنیٰ دائر کی گئی، سماعت پیر تک ملتوی کر دیں،گزشتہ روز تفصیلی فیصلہ بھی نہیں ملا، چیئرمین پی ٹی آئی کےساتھ میٹنگ بھی ہے،جج ہمایوں دلاور نے کہا کیا آپ کی کمٹمنٹ ہے چیئرمین پی ٹی آئی پیر کو پیش ہوں گے؟وکیل گوہر علی خان نے کہا وکیل ہوں، کمٹمنٹ نہیں دے سکتا۔

جج ہمایوں دلاور نے کہا کیا آپ کو چیئرمین پی ٹی آئی پر اعتبار نہیں؟ اتنی بھی کمٹمنٹ نہیں کر سکتے 31 جولائی کو چیئرمین پی ٹی آئی کا بیان ریکارڈ کرائیں گے؟گوہر علی خان نے جواب دیا چیئرمین پی ٹی آئی کے احکامات پر چلتے ہیں،جج ہمایوں دلاور نے کہا چیئرمین پی ٹی آئی کو ہر پیشی پر عدالت میں پیش ہونا ہے، پیر تک سماعت ملتوی کر رہا ہوں۔

دوسری جانب سپریم کورٹ نے توشہ خانہ کیس میں چیئر مین تحریک انصاف کی اپیل پر گزشتہ روز کی سماعت کا حکم نامہ جاری کردیا جس میں کہاگیااسلام آباد ہائیکورٹ انصاف کے تقاضوں کیلئے تمام درخواستوں کو یکجا کرکے سماعت کرے،2صفحات پر مشتمل حکم نامہ جسٹس یحییٰ آفریدی نے تحریر کیا۔